گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالی کی عظیم نعمت اور لاکھوں قربانیوں کا صلہ پاکستان ہے، اس کی قدر کریں، قیام پاکستان کی جدوجہد آسان نہیں تھی اس کیلئے ہمارے اسلاف کولاکھوں قربانیاں دینا پڑیں ، یہ انکی عظیم جدوجہد اور قربانی کا ثمر ہے کہ آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 75ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو تاریخ کے مطالعے کیساتھ ساتھ خود کو استحکام پاکستان میںفعال کردار کیلئے تیار کرنا ہوگا ، پاکستان کے خلاف منفی سوچ کسی صورت قبول نہیں، وطن ہمارا فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے غازیوں، شہیدوں اور بزرگوں کے احسان مند ہیں، جو قومیں اپنے مشاہیر اور شہدا کو یاد رکھتی ہیں وہی تاریخ میں زندہ رہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرونی سہولت کاروں سے بچانے کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا، پاکستان کے اداروں کیخلاف بیان بازی اور منفی پراپیگنڈہ دشمنوں کا بیانیہ ہے، ایسے عناصر کو پہچان کر نشان عبرت بنانا ہوگا۔ تقریب کے آخر میں ریلی بھی نکالی گئی۔