ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی ، اسلام آباد میں جوش و خروش گہماگہمی ، گھر عمارتیں سج گئیں

اسلام آباد(صلاح الدین /سروے رپورٹ) آزادی ایک نعمت ہے زندہ قومیں اپنا آزادی کادن جوش و خروش سے مناتی ہیں پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کے حوالے سے پورے ملک میں ایک قومی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے ، آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات سرکاری و نجی طور پر منعقد کی جارہی ہیں ملک کاہر شہری بڑا چھوٹا مرد ،عورت جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے اورہر کوئی چھوٹے بڑے قومی پر چم ودیگر چیزوں سے گھر وں، عمارات،سکول کالجزگلی محلوںکو سجانے میں لگا ہوا ہے  ، بازاروں، دوکانوں پر 14اگست کے حوالے سے اشیاء فروخت کی جارہی ہیں۔ جشن آزادی کے موقع پر مختلف سٹالوں پر پاکستانی پرچم،شرٹس، جھنڈیاں، باجے،بیج،کلپ فروخت  کیے جارہے ہیں۔پرچم کے دو رنگوں سبز سفید کے ساتھ بچوں بڑوں کے لباس ، شرٹس، ٹرائوزر، بی بی فراک، شلوار قمض،سٹکرز، لائٹوں والے بیچ،ڈوپٹے، سکارف، ہیر کلپ، ہیر بینڈچوڑیاں ، ہینڈبینڈز،کلرز،  بیگ ،غبارے فروخت کیئے جارہے ہیں۔سڑکوں گلیوں کے کنارے عارضی سٹال لگائے گئے ہیں،دوکانداروں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں ملی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے بچے والدین اور اپنے بڑوں کو زبر دستی دوکانوں پر لا کر من پسند چیزیں خریدتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں ، سائیکل ، موٹر سائیکل، گاڑی پر لگانے کے لیے بھی چیزیں خریدرہے ہیں ، خواتین بچیاں بھی اپنی پسند سے یوم آزادی کی مناسبت سے خریداری کررہی میں محرم کی وجہ سے سرگرمیاں تھوڑی کم تھیں عاشورہ گزرنے کے بعد سے گہما گہمی بڑھ گئی ہے ہر کوئی خریداری میں لگا ہوا ہے لوگ اپنے گھروں کو لائٹوں سے سجانے کے لیے  سامان چیزیں خرید رہے ہیں ،دوکانداروں نے کہا کہ جشن آزادی کے حوالے سے چیزوں کی خریدو فروخت سے لوگوں کے لیے روزگار کے موقع بھی پیدا ہوئے ہیں ، بے شک لوگوں کو چند دن کے لیے ہی روز گار ملا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن