اسلام آباد: برصغیر کے مسلمانوں کو انگریز سامراج سے آزادی حاصل کرکے اپنا الگ وطن قائم کیے 75 برس مکمل ہو گئے، قوم ملی جوش و جذبے سے اپنا یومِ آزادی آج منارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال 14 اگست کے روز یومِ آزادی منایا جاتا ہے۔ 1947 میں آج ہی کے روز مسلمانوں نے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں انگریزوں سے آزادی حاصل کرکے دنیا کی عظیم ترین مسلم ریاست کی بنیاد رکھی۔سرکاری سطح پر یومِ آزادی ہر سال بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ رواں برس بھی ملک بھر کی اہم سرکاری عمارات پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔ ملک بھر کے تمام شہروں میں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
آج دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالخلافوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ وطنِ عزیز کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔
مزارِ قائد اور مزارِ اقبال سمیت ملک بھر میں تحریکِ آزادی کے ہیروز کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ یومِ آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی مرکزی تقریب آج کنونشن سنٹر میں ہوگی۔کنونشن سینٹر میں ملک کے 75ویں یومِ آزادی کے موقعے پر ڈائمنڈ جوبلی کی مرکزی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف پرچم کشائی کریں گے۔ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے یومِ آزادی کے موقعے پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
قیامِ پاکستان کو 75برس مکمل، یومِ آزادی آج منایا جارہا ہے
Aug 14, 2022 | 10:13