یومِ آزادی کے موقعے پر مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب

Aug 14, 2022 | 12:49

ویب ڈیسک

آج یومِ آزادی کے موقعے پر مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ 
تفصیلات کے مطابق مزارِ قائد پر نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اعزازی گارڈز میں دو خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔یومِ آزادی کے موقعے پر صبح سویرے منعقد ہونے والی گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب میں بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان نیول اکیڈمی کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی نے مزارِ قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقعے پر ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مہمانِ خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزارِ قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا 75واں یومِ آزادی آج منایا جارہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالخلافوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ملک بھر میں یومِ آزادی کی مناسبت سے مختلف تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔ رات گئے ملک بھر میں یومِ آزادی کی آمد پر آتش بازی کی گئی۔ 12 بجتے ہی نوجوان سبز ہلالی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے۔

مزیدخبریں