پاکستان نہ ہوتا توہماری کوئی شناخت نہ ہوتی:وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کاحضوری باغ میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کیلئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ہماری شناخت پاکستان سے ہے۔
پاکستان نہ ہوتا توہماری کوئی شناخت نہ ہوتی۔پاکستان کی مسلح افواج کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیربنایا ہے۔پاکستان کے خلاف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج کی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اورقیام امن کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں جنت نظیر ملک عطا کیا ہے۔ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وطن کو سنوارنے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کام کریں۔قائداعظم محمد علی جناحؒ  نے بے مثال جدوجہد کر کے الگ وطن حاصل کیا۔اپوزیشن ہو،تاجر ہو،صنعتکار ہو،سیاستدان ہویاکسی بھی شعبے میں کام کرنے والے افراد ہوں ہم سب کو اپنے ملک کو بہتر کرنے کیلئے محنت سے کام کرنا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان نے ہم سب کو بہت کچھ دیا ہے،اب ہم نے اس کا قرض اتارنا ہے۔پاکستان کی وجہ سے آج ہم عزت اورمقام پر موجود ہیں۔ہمیں شہدائے کشمیر کو بھی نہیں بھولنا،جو اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔قائداعظمؒ نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انشاء اللہ وہ وقت دورنہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔وطن کی حفاظت اورامن کی خاطر قربانیاں دینے والے سکیورٹی فورسز و پولیس کے افسروں اورجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
پاکستان میں ہر مذہب کے لوگ بستے ہیں۔پاکستان کی تعمیروترقی میں اقلیتی برادری نے بھی کلیدی کردارادا کیا ہے۔
اقلیتوں کا احترام ہمارا فرض ہے۔خصوصی بچوں کیلئے میں نے اپنے سابقہ دور میں متعدد ادارے بنائے۔انشاء اللہ اب خصوصی بچوں کے اداروں میں اضافہ کریں گے۔میں نے اپنے سابق دور میں میٹرک تک تعلیم فری کی،اب گرایجویشن تک تعلیم کو فری کریں گے۔پاکستان کا مستقبل روشن اورتابناک ہے۔پاکستان نے 75برس میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
عمران خان نے کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتا۔ہاکی کے میدان میں پاکستان عالمی سطح پر کئی اعزازات حاصل کرچکا ہے۔
حال ہی میں پاکستان کے پہلوانوں اورویٹ لفٹرز نے کامن ویلتھ گیمز میں کئی میڈل جیتے۔ہم کوشش بھی کریں اور محنت بھی،نیت نیک ہو تو اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال ہوتی ہے۔صوبے میں سپورٹس کی سہولتوں کو ڈبل کریں گے۔پنجاب کے ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں ادویات کو فری کردیا ہے۔میں ہمیشہ عزت و احترام کا قائل رہا ہوں اورافسروں کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔پہلے احترام پھر کام۔پنجاب کو مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ترکی،چین،امریکہ اورایران کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اورآج ان ممالک کے قونصل جنرل یوم آزادی کی خوشیوں میں شرکت کیلئے آئے ہیں،جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ہم سب ملکر پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کریں گے۔آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم وطن کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاملی نغمے گانے والے بچے و بچیوں کیلئے 3لاکھ روپے،لیڈ سنگر کیلئے50ہزارروپے اورسکاؤٹس کیلئے 2لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاپولیس بینڈ کیلئے 1لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی ملی نغمے گانے والی خصوصی بچیوں کے پاس گئے اوران کے ساتھ ملکر ملی نغمہ گایا۔

ای پیپر دی نیشن