کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جشنِ یومِ آزادی پر قوم کو اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے، ہم سب مل جل کر ملک سے نفرت و تقسیم کا خاتمہ کریں اور محنت کرکے پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں، جس کی جمہوریت اور خوشحالی کی دنیا مثالیں دے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں قوم کو جشنِ آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے اور تمام پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن قائدِ اعظم محمد علی جناح اور ان کی قیادت میں آزادی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد کرنے اور قربانیاں دینے والے اپنے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست پرامن سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے ناممکن کو ممکن بنانے کی علامت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن خود سے سوال کرنے کا بھی دن ہے کہ کیا آج کا پاکستان وہ تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، جو اس کے قیام کے وقت ہمارے بانی اجداد نے مقرر کیے تھے اور خواب دیکھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کی روشنی میں ایک مضبوط وفاقی جمہوری ریاست اور رواداری و مساوات پر کھڑے معاشرے کے قیام کے لیے، ہمیں ابھی زیادہ محنت کرنی اور طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت قائداعظم محمد علی جناح کی سوچ و فکر کی حقیقی وارث ہے، جو ایک مثالی جمہوریت پسند اور مذہبی رواداری میں یقین رکھنے والے مدبر تھے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کو دیا ہوا متفقہ آئین کا تحفہ، قائداعظم کے ریاستِ پاکستان کے متعلق ویژن کا آئینہ دار ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی قائداعظم کے پاکستان کو آمریت سے پاک کرنے اور عوام کے حقوق و آزادیوں کی حفاظت کی جنگ لڑی اور اسی لڑائی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے بطور صدرِ مملکت اپنے اختیارات پارلیمان کو منتقل کرکے اور وفاقی اکائیوں کو متفقہ این ایف سی ایوارڈ کا تحفہ دے کر، قائداعظم ہی کے زریں اصولوں کی پیروی کی، جو اختیارات میں عدم مرکزیت اور وسائل میں مساوات کے حامی تھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں آئین و پارلیمان کی بالادستی، معاشی برابری، سماجی انصاف اور قومی اتفاق و اتحاد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، اور یہ یقینی بنائے گی کہ آزادی کے ثمرات سے کوئی شہری محروم نہ رہ جائے۔
بلاول بھٹو