کشمیری آج پاکستانی یوم آزادی منائیں گے، لازوال رشتہ کوئی ختم نہیں کرسکتا : حریت کانفرنس

Aug 14, 2023

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا یوم آزادی آج بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئے گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور تحریک شباب المسلمین جموں و کشمیر کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی نے اپنے بیان میں پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور برصغیر کے مسلمانوں کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں ایک عظیم مسلمان ملک رمضان کے مقدس مہینے میں وجود میں آیا۔ جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد آزادی میں مصروف جموں وکشمیرکے عوام اپنی منصفانہ اور جائز جدوجہد کے لئے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے کہا کہ وہ پاکستان کی آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومت پاکستان، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس لازوال رشتے کو ختم نہیں کر سکتی۔ حریت رہنما اور جموں و کشمیر پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں ایک بیان میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام قیام پاکستان سے پہلے ہی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا فیصلہ کر چکی تھی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت سے نجات حاصل کر لیں گے۔ تحریک مزاحمت کے نظربند چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں ایک بیان میں پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے جائز کاز کی حمایت کی ہے اور وہ مکمل کامیابی تک کشمیر یوںکی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ حریت رہنماﺅں میر شاہد سلیم اور نریندر سنگھ خالصہ نے جموں میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں کیونکہ ایک مستحکم پاکستان نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے بھی اہم ہے۔ جبکہ منگل کو بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔ ادھر جموں و کشمیر میں بھارتی فوج، پولیس اور پیراملٹری فورسز اہلکاروں نے 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے سلسلے میں نام نہاد سکیورٹی کویقینی بنانے کے نام پر بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ بھارتی فورسز کے اہلکار پورے مقبوضہ علاقے میں گھر گھر چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں کو خوف ودہشت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ان کارروائیوں کے دوران درجنوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے اور سینکڑوں کو پولیس اسٹیشنوں اور فوجی کیمپوں میں طلب کیا ہے۔ تقریباً ہر سڑک پر چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار ان کے گھروں میں زبردستی گھس کر مکینوں کو خوف و ہراس کا نشانہ بناتے ہیں اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کا یوم آزادی ہمیشہ ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
کشمیر یوم آزادی

مزیدخبریں