لاہور‘ اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی+ اے پی پی) پاکستان کا 76واں یوم آزادی آج قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سرکاری شخصیات، پاک افواج کے افسران اور عوام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزارات پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداءکے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈرز پر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ ہو گی جس میں ملک بھر سے عوام شرکت کریں گے۔ دوسری جانب جشن آزادی کی مناسبت سے گلی محلوں اور بازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا۔ اسلام آباد میں سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارات کو خوبصورت رنگوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ پارلیمنٹ ہاﺅس، ایوان صدر اور وزیراعظم آفس کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے روشن کیا گیا۔ شاہراہ دستور، جناح ایونیو سمیت کئی اہم سڑکوں کے دونوں طرف بھی روشنیوں کی بہار آگئی۔ شاہراہ سری نگر ایکسپریس وے، شاہراہ فیصل اور ٹرانسپورٹ، کاروں، موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم لگائے گئے۔ خواتین ومردوں، بچوں نے پرچم کے سبز اور سفید رنگ کی مناسبت سے کپڑے پہنے گئے‘ بیجز لگائے۔ رات 12 بجے مینار پاکستان پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مینار پاکستان روشنیوں میں نہا گیا۔
تقریبات/ پریڈ