’’جناح اور تخفیف غربت ‘‘ کے عنوان سے مذاکرہ آج ہوگا،،رانا عبدالباقی

  راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)یوم آزادی کو جناح و اقبال کی فکری راہنمائی میںبا مقصد اور منفرد طریقے سے منانے کیلئے جناح اقبال ساؤتھ ایشیئن فورم نے ’’جناح اور تخفیف غربت ‘‘ کے عنوان سے مذاکرے اور سفید پوش خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کرنے کا اہتمام کیا ہے ۔ فورم کے چئیرمین رانا عبدالباقی نے یوم آزادی کے حوالے سے اس منفرد پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے فورم کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر 14. اگست 2023 ء  بروز سوموارجناح اقبال سکول راولپنڈی میں 11  بجے دن ایک خصوصی مذاکرے بعنوان ’’جناح اور تخفیف غربت‘‘  کا اہتمام کیا گیا ہے۔رانا عبدالباقی نے بتایا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ ڈاکٹر محمد اقبال محروم و مجبور لوگوں کا ہاتھ تھامنے اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے پر زور دیتے تھے ۔ ہم نے اسی فکری سوچ کو عمل میں ڈھالنے کیلئے فورم کے زیر اہتمام مذاکرے کے علاوہ سفید پوش خاندانوں میں خشک راشن بھی تقسیم کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا معاشرے کے صاحبان حیثیت افراد اور سماجی بہبود کے اداروں کو اس تحریک کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ غریب طبقات کی معاونت ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی و منفرد تقریب میں سابق وفاقی وزیر ملک حبیب خان مہمان خصوصی ہونگے جبکہ سابق وفاقی سیکریٹری مظفر محمود قریشی تقریب کی صدارت کریں گے. ڈاکٹر عقیلہ آصف، پروفیسر خالد تبسم ’ڈاکٹر سعدیہ کمال اور رانا عبدالباقی موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن