راولپنڈی (جنرل رپورٹر)قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمی عشرہ بیمارکربلا کی مناسبت سے سید الساجدین حضرت امام زین العابدین ؑ کا یوم شہادت مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر مرکزی جلوس تابوت انجمن فیض پنجتن کے زیر اہتمام امامبارگا ہ زین العابدین سیٹلائٹ ٹائون سے برآمدہوا ۔قبل ازیں مجلس بیمار کربلا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ امام چہارم حضرت علی ؑ بن حسین ؑ زین العابدین نے بعد شہادت حسین ؑ وہ عظیم کارہائے نمایاں سرانجام دیئے جو تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام اور انکے 72جانثارشہدائے کربلا کی قربانیوں سے اسلام تاابد زندہ ہوگیا جبکہ حضرت زینب ؑ و سجاد ؑ کے خطبات اور قیدو بند کی صبر آزما صعوبتوں ،شام و کوفہ کے بازاروں اور یزید و ابن زیاد کے درباروں میں بصیرت افروز خطبات نے حسینیت کو امر کردیا۔انہوں نے کہا کہ بیمار کربلا کے عظیم کردار کی بدولت یزیدیت آج بھی منہ چھپائے پھر رہی ہے اور حسینیت کا بول بالا ہے،ہر مظلوم حسین ؑ کو سلام او ریزید سے نفرت کرتا دکھائی دیتا ہے۔ انہوں کہاکہ حضرت امام سجادؑ ایسے بلند اخلاق کے مالک تھے کہ مومنین کے دل ان کی طرف کھنچے چلے آتے تھے اور بشری پیکر میں موجود مشعلِ نور سے ہدایت حاصل کرتے تھے.۔مجلس عزا سے مولانا ملک اجلال حیدرالحیدری نے بھی خطاب کیا
امام زین العابدین ؑ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
Aug 14, 2023