شرقپورشریف (نامہ نگار ) گزشتہ روز ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر اور نرس کی مبینہ غفلت کے باعث جاں بحق خاتون کے ورثاء پر مقدمہ درج ، ہسپتال میں توڑ پھوڑ غنڈہ گردی اور سٹاف کو مارنے اور دہشت گردی کرنے کی دفعات شامل کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیوٹی ڈاکٹر اور نرس کی مبینہ غفلت کے باعث شمیم بی بی جاں بحق ہوئی تھی اور انہی کے ورثا پر مقدمہ درج کیا گیا۔ جبکہ ورثا کا کہنا ہے کہ سی او ہیلتھ شیخوپورہ اور ڈی ایس پی فیروز والا نے ہمارے ساتھ یقین دہانی کرائی تھی کہ نعش لے جائیں آپ کیساتھ انصاف ہو گا اور متعلقہ نرس اور ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی جائیگی جس پر ہم نے احتجاج ختم کیا بعد میں پتا چلا کہ تھانہ شرقپور میں ہمارے خلاف انتظامیہ کی جانب سے درخواست دی گئی ہے جس پر ہم نے دوبارہ نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج کرنے لگے تو ایس ایچ او ہمارے پاس آیا اور یقین دہانی کرائی کہ آپ کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گئی بلکہ ڈیوٹی پر موجود نرس اور ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔ متاثرہ لواحقین نے بتایا کہ یقین دہانی پر ہم نے نمازہ جنازہ کرا کر تدفین کی بعد ازاں پتا چلا ہے کہ ہمیں سرکاری افسروں نے دھوکا دیا اور الٹا ہمارے ہی خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ معمولی سر درد کی دوائی لینے ہسپتال گئے تھے۔ نعش لے کر واپس آئے اور مقدمے میں ملوث کر دیا گیا۔
شرقپور: ڈاکٹر کی مبینہ غفلت ‘جاں بحق ہونیوالی خاتون کے ورثا پر ہی مقدمہ
Aug 14, 2024