لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنی تھڑا سیاست پر واپس جانا پڑے گا۔ اپنا اپنا کام کر کے ہی ہم پیپلز پارٹی کو فعال بنا سکتے ہیں۔وہ پیپلز پارٹی کلچرل ونگ کے زیر اہتمام پاکستان کے 77 سالہ سیاسی و معاشی سفر کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، رانا کرام ربانی، بیرسٹر عامر، افنان صادق لون ،شاہدہ جبیں، میاں ایوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا،۔اس موقع پررانا جواد،ڈاکٹر خیام حفیظ،میاں ایوب،چودھری اختر،رانا جمیل ،تنویر جٹ،بشری منظور مانیکا ودیگرموجود تھے۔حسن مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مضبوط ہو گی تو عوام کے مسائل حل ہونگے،انہوں نے کہا ہم اپنا سچ نہیں بیچ سکے اور لوگ جھوٹ بیچ گئے ہیں۔مذاکرے کے آخر میں صدر کل تک ونگ پی پی وسطی پنجاب ڈاکٹر خالد جاوید جان نے کلمات شکر ادا کیے اور اپنی نظم سنائی۔