لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ہیڈ کوارٹر 106راوی روڈ کا دورہ کیا۔ مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر‘ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور دیگر نے استقبال کیا اور تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے مسجد نبوی شریف کے امام ڈاکٹرصلاح بن محمد البدیرسے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹرصلاح بن محمد البدیر نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اورامن سکون کی دعائیں کیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر محترم نواف بن سعید المالکی، مولانا ابوتراب‘ مولانا عبدالرشید حجازی‘ مولانا یونس آزاد‘ قاری صہیب میر محمدی‘ ڈاکٹر عبدالغفور راشد، علامہ ابتسام الہی ظہیر اورعلامہ معتصم الہی ظہیر بھی موجود تھے۔ امام مسجد نبوی کو مرکزی جمعیت کے مختلف تعلیمی دعوتی، رفاہی اور صحافتی شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ امام مسجد نبوی نے پیغام نیٹ ورک کے ڈیجٹل سیکشن کا افتتاح بھی کیا۔ امام مسجد نبوی نے مرکزی مسجد میں نماز ظہر کی امامت بھی کروائی۔ اس موقع پر علماء کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فقہی مسائل جن پر اتفاق ہے، ان کی مخالفت جائز نہیں۔ توحید کی دعوت دینے والے اہل سنت ہی ہیں جن کے اچھے تذکرے باقی رہا کرتے ہیں۔ بدعات و خرافات کے رسیا لوگوں کو کبھی بھی اچھے لفظوں میں یاد نہیں کیا جاتا، سعودی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث منہج اہل سنت کی علمبردار ہے، پاکستان سے سعودی حکومت کے گہرے تعلقات ہیں۔ سیاسی، سفارتی، اقتصادی تعلقات کے حوالے سے ہم زبردست رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف حکومت ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہی ہے۔ امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے نماز عشاء جامعہ اشرفیہ میں پڑھائی جس میں وزراء‘ ارکان اسمبلی‘ افسروں اور مذہبی رہنماؤں سمیت شہریوں نے بھی سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔