اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس قانون تحفظ ناموس رسالت میں فضل الرحمان، عبدالغفور حیدری، لیاقت بلوچ، مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت علماء کرام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ فضل الرحمان نے کہا کہ قادیانیوں کے حوالے سے حکومت پاکستان پر دباؤ ہمیشہ سے رہتا ہے، قادیانیوں کا مسئلہ آئین و قانون کے رو سے طے ہوچکا ہے، ان لوگوں کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دیا جاچکا ہے، عالمی قوتیں بھی ان کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ ابتدائی طور پر علماء کرام کو دعوت دی گئی ہے، اس کے بعد سیاسی جماعتوں سے بھی بات کی جاسکتی ہے، پہلے علماء کرام کا ایک موقف پہ آنا ضروری ہے، اگر ہمارا موقف کمزور ہوگا تو انہوں نے آگے بڑھنا ہے۔ حافظ ناصر الدین خاکوانی نے کہا کہ خود نبی کریمؐ نے فرمایا کہ میں آخری نبی ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا، مرزا قادیانی کذاب ہے، اس کے ماننے والوں کو نتائج بھگتنا پڑیں گے، غیر ملکی دباؤ کی وجہ سے ہمارے اوپر دائرہ تنگ کیا جا رہا ہے۔ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ یہ ہمارے ایمان اور عقیدے کا مسئلہ ہے۔ راؤ عبدالرحیم ایڈووکیٹ نے فیصلے پر قانونی بریفنگ دی۔فضل الرحمن نے کہا کہ سات ستمبر مینار پاکستان لاہور کا یوم فتح اجتماع واضح لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔
قادیانیوں کا مسئلہ آئین و قانون کی رو سے طے ہو چکا، فضل الرحمن
Aug 14, 2024