اسلام آ باد(آئی این پی ) پاکستان کے سکی کناری (ایس کے) ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے 221میگاواٹ کی صلاحیت کے پہلے یونٹ نے بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کے ذریعے مقامی صارفین کو صاف توانائی کی ترسیل شروع کردی ہے۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان کے سکی کناری (ایس کے) ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے پہلے یونٹکو کامیابی کے ساتھ گرڈ سے منسلک کر دیا گیا جس کے بعد اس نے بجلی پیدا وارشروع کردی ہے ۔ یہ اہم سنگ میل انرجی چائنہ کے سب سے بڑے بیرون ملک پن بجلی منصوبے کے کمرشل آپریشن کی تاریخ (سی او ڈی) کی طرف سب سے اہم قدم ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت فلیگ شپ منصوبوں میں سے ایک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو(بی آر آئی) کی کلیدی ترجیح کے طور پر، ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن چار امپلس ٹربائن یونٹس سے لیس ہے، جس کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت 884 میگاواٹ ہے۔ 221 میگاواٹ کی صلاحیت کے پہلے یونٹ نے اب بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کے ذریعے مقامی صارفین کو صاف توانائی کی ترسیل شروع کردی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق سائٹ پر ، ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیئرمین ہی شی اونگ فی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور ٹیم کے ممبران کی مشترکہ کوششوں کی بدولت اپنے اہم آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یونٹ کی کامیاب ہم آہنگی اور بجلی کی پیداوار اس منصوبے کی سی او ڈی کی متوقع کامیابی کی نشاندہی کرتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق جلد ہی سی او ڈی کے حصول کی توقع ہے، ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کو آپریشنل کرنے کے بعد سالانہ 3.212 بلین کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کا تخمینہ ہے اور پاکستان میں 10 لاکھ سے زائد گھرانوں کو سستی صاف بجلی فراہم کی جائے گی۔ یہ پاکستان کی بجلی سے توانائی کے ڈھانچے کو ایڈجسٹ کرنے، رسد اور طلب کے درمیان تضاد کو کم کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی تبدیلی اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کے لئے مثبت اور دور رس اہمیت کا حامل ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اس سے قبل 7 اگست 2024 ء کو ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن سے نیلم جہلم انٹرکنکشن پوائنٹ تک اے ڈی بی 401 اے 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کا ڈبل سرکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا جو سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن کو بیک فیڈ سپلائی فراہم کرنے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔