راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے فیض حمید کی گرفتاری کو فوج کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں وکلاء رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھہ نے دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے عوام آزادی کی خاطر آج گھروں سے نکلیں، یہ وقت ہے ملک کی خاطر نکلنا ہے۔ سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، نوجوانوں کی امید ختم ہورہی ہے، بنگلہ دیش سے برے حالات پاکستان میں ہیں، ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں، قاضی فائز عیسیٰ کو اب پیچھے ہٹ جانا چاہیے، ہماری تین نشستیں کل چھینی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کا فیض حمید کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، یہ بات بالکل واضح ہے فیض حمید سے ان کا کوئی سیاسی تعلق نہیں تھا، جنرل باجوہ نے نواز شریف سے ڈیل کرکے فیض حمید کو تبدیل کیا تھا۔ انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر فیض حمید کی گرفتاری کا تعلق نو مئی سے ہے اور ان کا نو مئی میں کوئی کردار ہے تو یہ بہت اچھا موقع ہے اس کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور نو مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔