تاجر دوست سکیم‘ 58 ہزار رجسٹرڈ‘ کراچی میں احتجاج‘ ہول سیل مارکیٹ بند

Aug 14, 2024

لاہور+ کراچی (کامرس رپورٹر) تاجر دوست سکیم کے تحت ملک بھر میں 58ہزار سے زیادہ تاجروں کی رجسٹریشن کر لی گئی۔ ایف بی آر کے مطابق 42شہروں میں ری ٹیلرز کی رجسٹریشن کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔ ملک کے 6 بڑے شہروں میں سب سے زیادہ تاجر رجسٹر کئے گئے۔ ان میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔ دیگر چھوٹے شہروں میں بھی تاجروں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 42 شہروں میں رجسٹریشن کی جارہی ہے۔ تاجروں سے دکانوں کی فیئر مارکیٹ ویلیو کے حساب سے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جار ہا ہے۔ دریں اثناء ودہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست سکیم پر تاجر برادری کے شدید تغفظات ہیں۔ کراچی میں چھوٹے تاجر احتجاج پر اتر آئے۔ ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست سکیم پر ملک کا سب سے بڑا ہول سیل بازار مکمل بند کردیا گیا۔ چھوٹے تاجروں کے احتجاج میں کراچی چیمبر شامل ہوگیا۔ صدر کراچی چیمبر افتخار احمد شیخ نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں کی ہڑتال سمیت ہر احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم و چیئرمین ایف بی آر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔ ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست سکیم پر کراچی چیمبر چھوٹے تاجروں کے ساتھ ہے، ہم نے ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست سکیم پر اعتراض کرکے اناملی بنائی ہے اور اسے وزیراعظم کو بھیج دیا ہے۔ صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کو مسترد کرتے ہیں، حکومت 60 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس کا ازسرنو جائزہ لے، چھوٹے تاجر کسی صورت اس رقم کو ادا نہیں کرسکتے۔ گروسرز مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ 14 اگست کی وجہ سے اجناس منڈیوں کی ہڑتال مؤخر کی۔ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر کی غلہ منڈیاں غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیں گے۔

مزیدخبریں