اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں ارکان نے وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی اس کمیٹی میں آنا اپنی بے عزتی سمجھتے ہیں۔ اگر وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ یہاں نہیں آ سکتے تو ہم گھر چلے جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس راجا خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی رکن آغا رفیع اللہ نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی حکومت کے قابو میں ہی نہیں آتے، وہ آج کابینہ اجلاس میں بھی موجود نہیں، وزیر داخلہ جہاں ضروری سمجھتے ہیں رپورٹ کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی کمیٹی کی توہین ہے۔ اس موقع پر کمیٹی کے رکن حنیف عباسی نے کہا کہ وزیر داخلہ کی غیر موجودگی میں کمیٹی کا اجلاس ملتوی ہونا چاہیے اور ہم میں سے کوئی اتنا فارغ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ کیماڑی کے علاقے گلشن سکندر آباد سے پورے کراچی کو منشیات سپلائی ہوتی ہے جبکہ علاقے میں آئس اور دیگر منشیات کھلے عام بکتی ہے۔
داخلہ کے وزیر و سیکرٹری کمیٹی میں آنا بے عزتی سمجھتے ہیں: ارکان برہم
Aug 14, 2024