40 روز رہ گئے، حکمران مراعات ختم کریں تو معیشت ٹریک پر آ جائیگی: حافظ نعیم 

اسلام آباد (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی، ایف بی آر سمیت دیگر محکموں میں لوٹ مار کا کلچر ختم، جاگیرداروں پر ٹیکسز کا نفاذ، سود میں بتدریج کمی، ایران پاکستان گیس پائپ لائن معاہدہ پر عمل درآمد ہو جائے اور عوام پر مسلط حکمران مراعات ختم کر دیں تو معیشت ٹریک پر آجائے گی۔ حکومت کے پاس 40 دن رہ گئے۔ راولپنڈی دھرنا کے نتیجہ میں ہونے والے معاہدہ پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں اور عوام کو بجلی، ٹیکسز پر ریلیف دلائیں گے۔ پورے جذبے سے آج یوم آزادی منا رہے ہیں، قومی رابطہ عوام مہم کا آغاز کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر میاں اسلم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، مرکزی میڈیا کوآرڈی نیٹر شاہد شمسی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی اس کے لیے قومی سطح پر تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔ معاہدہ پر عمل درآمد کے لیے جلسوں اور احتجاج کا سلسلہ آئندہ 40 روز اور حکومت کا تعاقب جاری رہے گا۔ راولپنڈی، لاہور، پشاور میں کامیاب جلسے کیے۔ 16 اگست کو ملتان میں جلسہ ہو گا۔ اس کے بعد پورے پاکستان میں جلسے جاری رہیں گے، تاجروں سے بات چیت چل رہی ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کی حکومتی کوششوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں مقامی حکومتوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا۔ پنجاب میں لمبے عرصہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، کے پی میں انہیں اختیار نہیں، کراچی میں جیتے ہوئے کو ناکام اور ہارے ہوئے کو کامیاب قرار دے کر فارمولا ہی الٹ کر دیا گیا۔ فوج کے انٹرنل معاملات پر زیادہ بات چیت نہیں کرنا چاہتا، البتہ ہر ادارے میں کڑے اور بے لاگ احتساب کے حق میں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن