غزہ جنگ لے ڈوبی اسرائیل کی ریٹنگ میں کمی: حماس کیخلاف فتح بکواس، صیہونی وزیر دفاع، اسرائیل مخالف بیانیہ اپنا لیا: نیتن یاہو

Aug 14, 2024

غزہ؍ تل ابیب؍ نیو یارک  (اے پی پی+ آئی این پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس  نے غزہ کے ایک سکول  میں بے  گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ پر ہونے والے  اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سلامتی کونسل کی قرارداد کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے ۔ سیکرٹری جنرل کے  نائب ترجمان فرحان عزیز حق  نے بیان  میں کہا کہ  الطابعین نامی  سکول میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ پر گزشتہ روز ہونے والا  اسرائیلی حملہ جس میں خواتین اور بچے مارے گئے نہایت قابل مذمت حرکت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اس بات سے سخت مایوس ہیں کہ اسرائیل سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 (2024) کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے  اور اس کی کسی شق پر عمل نہیں کیا۔ فرحان حق عزیز نے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل امریکا، مصر اور قطر کے رہنمائوں کی علاقائی امن  کے لیے ثالثی کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 477 سکولوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ دوسری جانب غزہ میں جنگ سے  متعلق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ نیتن یاہو نے یوآف گیلنٹ پر اسرائیل مخالف بیانیے کو اپنانے کا الزام لگا دیا۔ گیلنٹ نے حماس کے خلاف مکمل فتح  کے مقصد کو بکواس قرار دیا جس پر وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں گیلنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گیلنٹ اسرائیل مخالف بیانیہ اختیار کرکے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کا خدشہ اور دس ماہ سے جاری حماس اسرائیل جنگ نے اسرائیل کو معاشی طور پر نقصان پہنچایا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل مالی مشکلات میں پھنس گیا ہے۔ کیپٹل مارکیٹ کمپنی فچ نے اسرائیل کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کر دی ہے جس کے بعد اسرائیل کی کریڈٹ ریٹنگ اے پلس سے گر کر اے ہو گئی ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے خیال میں غزہ کا تنازعہ 2025ء تک برقرار رہ سکتا ہے اور اس کے دیگر محاذوں تک پھیلنے کے خطرات موجود ہیں۔ جنوبی لبنان میں اسرائیل نے علاقہ برعشیت میں گاڑی پر ڈرون حملہ کیا جس سے دو افراد مارے گئے، تعلق حزب اللہ سے بتایا جاتا ہے۔

مزیدخبریں