مقبوضہ کشمیر: یوم آزادی پر مبارکباد، پاکستان اللہ کا برصغیر کے مسلمانوں پر غیر معمولی احسان ہے: حریت کانفرنس

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے 14اگست کو منائے جانے والے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کو اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں تمام بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کو ظالمانہ طریقے سے چھین لیا ہے۔ حریت رہنما ئوں بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، فیاض حسین جعفری، غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، حفظہ بانو، فریدہ بہن جی، یاسمین راجہ، مولانا مصعب ندوی، عبدالصمد انقلابی، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وار، جاوید احمد میر اور معراج الدین شیخ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا قیام اللہ تعالی کی طرف سے برصغیر کے مسلمانوں پر ایک غیر معمولی احسان ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر دی نیشن