اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی حکومت نے نئی ویزا پالیسی کا اجرا کردیا ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا اور اس کے تحت دنیا کے 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم اور ویزے جاری کرنے کا عمل انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں پاکستان کی نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ویزا 90 دن کے لیے ہوگا اور صرف 30 سوالات کے جواب دینے پر جاری کر دیا جائے گا۔ خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں تو فوری ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ایف نائن پارک میں جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کا پہلا ڈرون شو منعقد کیا جائے گا جس میں 500 ڈرونز حصہ لیں گے۔ یہ غیر سیاسی تقریب ہوگی جس میں صرف پاکستان کا پرچم نظر آئے گا۔ ملک میں سیاحوں کی آمد کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سیاحوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے نے بے پناہ ترقی کی ہے اور سیاحوں کے لیے معیاری اور سستی رہائش کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ پاکستان کے لیے ویزا 90 دن کے لیے ہوگا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے دروازے دنیا کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔