لاہور( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ہیروز کو عزت ایسے دی جاتی ہے جیسے پنجاب حکومت نے دی۔ مریم بی بی خود چل کر ‘‘ارشد ندیم’’ کے گھر گئیں۔ ارشد ندیم کو انعام کی رقم کے ساتھ ساتھ ایک گاڑی بھی گفٹ کی گئی ہے جسکا نمبر 92.97 ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اس شخصیت پرست گروہ میں سے کوئی ‘‘ارشد ندیم’’ کے پاس پہنچا؟ یا انکی حکومت نے کسی انعام کا اعلان کیا؟’’جشن آزادی تقریبات‘‘آزادی فلوٹ شاہدرہ سے مینار پاکستان پہنچا جہاں پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اس کا استقبال کیا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر آزادی فلوٹ نے سفر کا آغاز 10اگست شام راولپنڈی سے کیا۔ شاہدرہ چوک میں فنکاروں نے ملی نغموں کی دھنوں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ آزادی فلوٹ کے لاہور پہنچنے پر باوقار استقبالیہ تقریب و میوزیکل کنسرٹ شاہدرہ میں منعقد کیا گیا۔اس کے بعد آزادی فلوٹ مینار پاکستان پر پہنچا۔آزادی فلوٹ کی آمد کے ساتھ مشاعرہ اور محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ رات 8 سے 10 بجے تک مشاعرہ ہوا جس میں معروف شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ رات 10 سے 11:55 تک میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ رات 12 بجے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔77ویں یوم آزادی کے سلسلے میں آزادی فلوٹ کے روٹس کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
آزادی فلوٹ کااستقبال ‘ہیروز کو عزت ایسے دی جاتی جیسے پنجاب حکومت نے دی: عظمیٰ بخاری
Aug 14, 2024