لاہور+ میاں چنوں (نوائے وقت رپورٹ+ کاشف وحید خان) ’’ہیرو کی پذیرائی‘‘ کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خود میاں چنوں کے نواحی گاؤں میں اولمپیئن ارشد ندیم کے گھر پہنچ گئیں۔ 101 پندرہ ایل میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر اولمپیئن ارشد ندیم اور اہل خانہ نے پر خلوص استقبال کیا۔ مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ محترمہ رضیہ پروین کو گلے لگایا اور مبارکباد پیش کی۔ ارشد ندیم کی والدہ کو اپنے ساتھ بٹھایا اور کافی دیر باتیں کرتی رہیں۔ وزیراعلیٰ نے گھر کے اندر خود جاکر ارشد ندیم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ مریم نواز نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔ اولمپئین ارشد ندیم نے اولمپکس مقابلوں کی یاد تازہ کی اور اپنی کاوش سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اولمپیئن ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک اور ہنڈا سوک کار ’’پی اے کے‘‘92.97 کی چابی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا اور ارشد ندیم کے کوچ اور استاد کو بھی شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے ہمکنار کیا۔ اولمپیئن ارشد ندیم اور ان کے والدین نے وزیر اعلیٰ کی آمد کو عزت افزائی قرار دیا۔ مریم نواز کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے 13 ویں اجلاس میں بجلی کے بلوں سے ریلیف کے لئے اہم فیصلے کیے گئے۔ چیف منسٹر روشن گھرانہ پروگرام ’’اپنا گھر …… اپنی چھت‘‘ کے ماڈل گھر کی منظوری دی گئی۔ شہر میں 5مرلے اور دیہات میں 10مرلے تک پلاٹ پرگھر بنانے کیلئے 15لاکھ روپے ملیں گے۔ مریم نوازشریف نے کم از کم پہلے تین ماہ قسط نہ لینے کی ہدایت کی۔ دسمبر تک پنجاب میں سپیڈو کے بعد الیکٹرو بس چلیں گی، کابینہ کو ماڈل پیش کر دیا گیا۔ بھکی، بلوکی اور قائداعظم سولر پارک سے ڈائریکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے انڈسٹریل پارک کو سستی بجلی فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔ 8ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ریونیو سروسز کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم‘ پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی، راولپنڈی سے مری تک ٹورسٹ گلاس ٹرین کی فزیبلٹی سٹڈی‘ انڈسٹریز کو براہ راست بجلی کی فراہمی کیلئے پنجاب گرڈ کمپنی کے قیام‘ لاہور میں الیکٹرو بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی منظوری دی،27بسیں دسمبر تک آجائیں گی۔ پنجاب بھر میں 100یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر ہوم سیلوشن فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئندہ دو ماہ میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے ایک اور بہت بڑا پراجیکٹ لارہے ہیں۔ مری گلاس ٹورسٹ ٹرین سیاحت کی ترقی کے لئے محمد نواز شریف کا بہت بڑا ویژن ہے۔ مری کی سیاحتی ترقی کے لئے گلاس ٹرین میرا خواب ہے۔ مری گلاس ٹرین صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا اپنی طرز کا پہلا منفرد پراجیکٹ ہے۔ 8 ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو لینڈ رجسٹریشن اور اہم دستاویزات کی سروس فراہم کی جائے گی۔ چین، سعودی عرب، امارات، یوکے، یو ایس اے، اٹلی، قطر، بحرین اور سپین کے رہائشی پاکستانیوں کو ریونیو سروسز فراہم کی جائیں گی۔ کوڈ آف کریمنل پروسیجر1898ء کے سیکشن 144(6) کے تحت محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ احکامات کی ایکس پوسٹ فیکٹو‘ پنجاب گرڈ کمپنی کے قیام اور آپریشنز‘ نارووال میڈیکل کالج کو ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال سے منسلک کرنے‘ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی آسامی کے لیے شرائط و ضوابط طے کرنے‘ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی آسامی کے لیے شرائط و ضوابط طے‘ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سینئر مینجمنٹ کے عہدے کے لیے شرائط و ضوابط طے کرنے‘ حکومت پنجاب اور ضلعی حکومتوں کی آڈٹ رپورٹس برائے سال 2018-19,2020-21,2021-22 اور2023-24 ‘ اپیلٹ ٹریبونل، پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ایڈیشنل چیئر پرسن کے چارج‘ پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ کی مدت میں توسیع کی درخواست‘ بورڈ آف پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے چیئرپرسن کی تقرری‘ ڈی ایچ اے گوجرانوالہ کے مجوزہ رہائشی منصوبے کے تحت مکمل طور پر ضلعی کونسل گوجرانوالہ کی ملکیتی اراضی کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں مریم نواز کی زیرصدارت ملتان ائرپورٹ پر خصوصی اجلاس میں ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملتان ڈویژن میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس، سی ایم اینیشیٹوز اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ملتان ڈویژن میں منڈیوں میں لگائے گئے عوام دوست سیل کاؤنٹرز کو سراہا۔ تمام اضلاع میں بیک وقت عوام دوست سیل کاؤنٹرز لگانے پر خوشی کا اظہار کیا اور ستھرا پنجاب مہم میں اچھی کارکردگی پر کمشنر ملتان مریم خان کو شاباش بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے ملتان ڈویژن میں سیوریج اور صفائی کی شکایات کو فوری حل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیمتوں پر کنٹرول میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور افسر بھرپور مانیٹرنگ کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ملتان شہر کی خوبصورتی پر فوکس کرنے اور خصوصی انیشیٹوز کے ثمرات ملتان کے عوام تک یقینی طور پر پہنچانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری نرخ سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریاں لگائی جائیں۔ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ دوسری جانب مر یم نواز سے وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، ملکی معاشی، سیاسی صورتحال اور لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور نجکاری سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور پہلی ایئر ایمبولینس کی لانچنگ پر مریم نواز کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں 600سے زائد سڑکوں کی تعمیرو توسیع کا پراجیکٹ کی تکمیل سے عوام کو سہولت ہوگی۔ پنجاب میں پانچ بڑی ایکسپریس ویز بناکر شہروں کو ایک دوسرے سے منسلک کررہے ہیں۔ روڈز کی تعمیر، توسیع و مرمت علاقے کے عوام کے لئے خوشحالی کا پیغام لاتی ہے۔
کابینہ نے چیف منسٹر روشن گھرانہ، اپنا گھر اپنی چھت کے ماڈل کی منظوری دیدی
Aug 14, 2024