78 واں یوم آزادی آج منایا جائے گا‘ تحریک پاکستان جیسے جذبے کی ضرورت: صدر

Aug 14, 2024

لاہور + اسلام آباد (این این آئی + نمائندہ خصوصی) 78واں یوم آزادی آج 14 اگست بدھ کے روز شایان شان اور قومی وملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز وفاقی دارا لحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پروقار تقریب ہوگی۔ اعلیٰ حکومتی شخصیات اور عسکری حکام مزار قائد پر پر حاضری دیں گے ، پھولوں کی چادر یںچڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے  پاکستان کے 78ویں یوم آزادی  کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ  پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایک پْرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔ تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان  اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے تحریک پاکستان جیسے جذبے سے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں آزادی کا جشن مناتے ہوئے سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق ِخود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

مزیدخبریں