جڑیں کھوکھلی کرنے والا نظام بدلیں گے، وزیراعظم: ارشد ندیم کے اعزاز میں عشائیہ 15کروڑ انعام کا اعلان

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یوم آزادی جوش و خروش سے  منانے اور مادر وطن کو قائد کا پاکستان بنانے کے عزم کا اعادہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے  افراد  دن رات محنت کر کے پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے، قومی  استحکام اور ملک کے  لئے  ہر   چیز کی  قربانی دیں گے ، انشاء اللہ  یہ ملک  ضرور قائد اعظم کا پاکستان بنے گا، صنعت، زراعت ، تجارت  اور دیگر شعبوں کو فعال اور موثر بنانے کے لئے  پیداواری اخراجات میں  کمی ناگزیر ہے، بجلی اور توانائی کے شعبے میں  اقدامات اور کوششوں کے نتیجے میں قوم کو فائدہ پہنچے گا، ارشد ندیم  کی  شاندار کامیابی  سے  جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا یوم آزادی  کا دن پوری قوم  جوش و خروش سے منائے گی اور اس ہم سب اس بات کا عہد کریں گے کہ پاکستان کی تعمیر و خدمت  کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے  افراد  دن رات محنت کر کے  اور ماضی میں ضائع ہونے والے وقت سے سبق حاصل کرتے ہوئے اس ملک کی تعمیر کر کے اسے عظیم تر بنائیں گے۔ انشاء اللہ  یہ ملک  ضرور قائد اعظم کا پاکستان بنے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  اس سال یوم آزادی کے حوالے سے  قوم کے ہیرو  ارشد ندیم  کی وجہ سے  جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ ارشد ندیم نے  اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اپنی محنت اور ریاضت سے 40 سال بعد  پاکستان کو اولمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈل  جیت کر دیا۔  وزیراعظم نے کہا کہ  ارشد ندیم قوم کے لئے ایک اچھی مثال ہے۔  وفاقی کابینہ  ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔  ارشد ندیم کو میڈل دینے کے لئے  ہم نے صدر پاکستان کو مکتوب  ارسال کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں  نے ارشد ندیم کو وزیراعظم ہائوس میں  مدعو بھی کیا ہے۔ اس کا مقصد  قوم کو بتانا  ہے کہ قومی ہیروز  کی عزت اور توقیر  ہم سب کا فرض ہے۔ ارشد ندیم   قومی یکجہتی، اتحاد اور اتفاق کی مثال ہے۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں معیشت کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے   وزیراعظم نے کہاکہ  بجلی کے شعبے میں  کافی محنت اور کوشش ہوئی ہے۔ پیداواری اخراجات میں کمی کے بغیر  برآمدات کو بڑھانے اور اسے مسابقتی بنانا ممکن نہیں ہے۔ اس میں بجلی کی قیمت  کا اہم کردار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر ہماری ترجیحات کا اہم حصہ ہے، ایف بی آر کے احیائے نو اور محصولات میں بہتری کے بغیر  مالی گنجائش  ملے گی  نہ ہی قوم  آگے ترقی کر سکتی ہے۔  بجلی  اور توانائی اور ایف بی آر  ہمارے لئے اہم ترجیحی شعبے ہیں اور انشاء اللہ بطور ٹیم ورک کام کرتے ہوئے ہمیں کامیابی ملے گی۔  وزیراعظم نے کابینہ کے اراکین  کو معمول کی تاخیر کو  ختم  کرنے اور فائل ورک کو فعال بنانے کی ہدایت کی۔ ہر وزارت کو پیپر لیس کرنا چاہیے۔ وزراء کے پاس پورے اختیارات  ہیں اور استعداد کار بھی موجود ہے۔  ہم نے ایف بی آر سمیت کئی اداروں کے لئے مشیر تعینات کر دیئے ہیں۔ بھرپور محنت کرکے آگے بڑھنا ضروری ہے کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو وقت دیا ہے ہمیں  اس کابھر پور استعمال کرنا چاہیے، تبھی  ہم  کامیابیوں سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی 77 سال کی بیماری سے جان چھڑانا ضروری ہے۔ الحمد للہ!   سٹے خارج ہوا، یہ  ایک فعال طرز عمل ہے۔ کوئی شخص عقل کل نہیں ہوتا، ہمیشہ ٹیم ورک اہم ہوتا ہے۔  علاوہ ازیں وزیراعظم نے نجکاری کمشن بورڈ کے ممبران کی تعداد 8 سے 11 کر دی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ بجلی چوری کی روک تھام ، لائن لاسز میں کمی اور ترسیلی نظام میں بہتری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کی ترجیحات ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں  اصلاحات کے بعد ان کی  آؤٹ سورسنگ اور نجکاری کی جائے گی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز ) کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین اور بورڈ ممبران نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین اور ممبران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ڈسکوز بورڈز کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین اور ممبران کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار  کیا۔ وزیراعظم نے ان تعیناتیوں کے عمل کو انتہائی شفاف انداز میں مکمل کرنے پر وفاقی وزیر پاور اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین  پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو قومی خدمت کا موقع ملا ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ آپ اپنی ذمہ داری پوری خوش اسلوبی سے نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں اچھے لوگوں کی تعیناتی ہوئی جنہیں اپنے شعبے پر عبور حاصل ہے، نئی تعیناتیاں توانائی کے شعبے کی اصلاحات کی جانب پہلا قدم ہے، بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی، اور ٹرانسمیشن نظام میں بہتری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کی ترجیحات ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر  ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلسل توجہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے،  پاکستان کے وسیع قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور وسیع پیداواری استعداد کے حامل شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اقدامات سے روزگار کے مواقع، صنعتکاری کی رفتار تیز اور ملک میں معاشی خوشحالی آئے گی، افرطِ زر کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر جولائی میں 11.1 فیصد پر آ گئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ 78ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ   یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو بھی سراہتا ہوں،  اگرچہ آپ پاکستان میں اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور ہیں لیکن آپ اس ملک کا ایک ایسا حصہ ہیں جس کی اہمیت کبھی ماند نہیں پڑ سکتی،  مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے۔   یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں،  افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کیلئے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔  پاکستان غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی اس وقت تک مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ اپنا بنیادی حق، حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔ پاکستان صہیونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کی بھی ان کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان آج ایک دوراہے پر کھڑا ہے،  اگرچہ مشترکہ اقدار، بھرپور ثقافتی ورثہ اور متنوع روایات ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ باندھے ہوئے ہیں، ہماری معیشت کو افراط زر، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بے روزگاری اور قرضوں کے بوجھ کی شکل میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی جلد نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے حملے میں ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا۔ تقریب میں ارشد ندیم کی فیملی نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پیرس اولمپکس کیلئے اپنا زور بچا کر رکھا تھا۔ ہر ایونٹ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین تھرو کروں۔ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کیلئے محنت کروں گا۔ پورے پاکستان نے جس محبت سے میرا استقبال کیا وہ میرے لئے میڈل سے بڑھ کر ہے۔

ای پیپر دی نیشن