اسلام آباد( نامہ نگار)بانی چیئرمین تحریک صوبہ پوٹھوار ملک امریز حیدر نے کہا ہے کہ وطن دشمن عناصر پاکستان میں سیاسی انتشار اور نفرت کا بیج بو کر قومی وحدت پر حملہ آور ہیں ، قائد اعظم کے پاکستان کو افراتفری، غیر یقینی اور ''بھوک '' سے بچانے کیلئے علما کرام ، مشائخ عظام اور اہل دانش کو میدان عمل میں آکر اپنا قومی اور دینی فریضہ ادا کرنا پڑے گا۔ مسجد و محراب کے وارثان سے بیدار ہوکر پانی سر سے اونچا ہوجانے سے روکیں۔ خصوصی نشست میں انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے حالات مسلم حکمرانوں کی نا اتفاقی کا بڑا ثبوت ہیں، اسلامی ممالک اپنے مسائل پر دوسروں پر یوں ہی تکیہ کرتے رہے تو اہل فلسطین اور اہل کشمیر کیلئے آزادی خواب ہی رہے گی۔ ملک امریز حیدر بتایا کہ 25کروڑ کی آبادی میں نصف تعداد کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ، ایک کروڑ گریجویٹ بے روزگاری کی فصل کاٹ رہے ہیں،پونے تین کروڑ نونہال سکول ایجوکیشن سے محروم ہیں، رہی سہی کسر بجلی کے بھاری بلوں نے پوری کر دی ہے ۔