راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے )مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی پرویز خان نے قوم کو77ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آج کا دن اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوںکے لیے ہمارے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ آج ہم اپنی تاریخ کے ایک دوراہے پر کھڑے ہیں جہاںہمیں متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جو ہمارے اجتماعی عزم کا تقاضا کرتے ہیں۔ غربت کا خاتمہ، جامع ترقی اور سماجی و اقتصادی مساوات کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ معاشی ترقی کے ثمرات کو مساوی طور پر تقسیم کیا جائے، تاکہ ہر پاکستانی کو عزت اور احترام کی زندگی گزارنے کا موقع ملے۔ ہمیں ایسی ٹھوس پالیسیوں کو مرتب کیا جائے جو شمولیت اور پائیدار ترقی کو فروغ اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے معاشرے کا کوئی بھی طبقہ پیچھے نہ رہے۔ دہشت گردی ہماری سلامتی اور ہمارے طرز زندگی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہماری حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
یوم آزادی ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،حاجی پرویز خان
Aug 14, 2024