توشہ خانہ:  عمران‘ اہلیہ گرفتاری کیخلاف درخواست سماعت کیلئے  مقرر‘    بشریٰ بی بی سے تفتیش کی اجازت

Aug 14, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے نئے کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست کل 15 اگست کو سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار کیس کی سماعت کریں گے۔ نیب کے ابتدائی طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواست بھی سماعت کیلئے یکجا کر دی گئی۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے پنجاب پولیس کو 9 مئی واقعات کے تناظر میں بشری بی بی کے خلاف درج 12 مقدمات میں تفتیش کی اجازت دیتے ہوئے سات روز میں پیش رفت رپورٹ طلب کی ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے 12 مقدمات کی سماعت ہوئی جہاں جج نے مقدمات کی مزید سماعت سے انکار کر دیا۔ انہوں نے تفتیشی افسران سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مشورہ ہے کہ آپ سپریم کورٹ چلے جائیں‘ میں ان درخواستوں کی سماعت نہیں کر سکتا۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف بارہ مقدمات میں شہادتوں کا فرانزک کرانے کی درخواستیں دائر کردی گئیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج عرفان حیدر نے سماعت کی، مقدمات کے تفتیشی افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے، تفتیشی افسروں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیوز اور موبائل فون کا فرانزک کرنا ہے، فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور وائس میچ ٹیسٹ بھی کرانا ہے۔

مزیدخبریں