ملک میں کہیں رم جھم توکہیں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، تین سے چار فٹ برف نے جہاں ملکہ کوہسار مری کا حسن دوبالا کیا ہے وہیں راستے بلاک ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

Dec 14, 2012 | 22:29

سٹی رپورٹر

گلگت بلتستان میں استور،دیامر،اسکردو اور غذر سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری اور نشیبی علاقوں میں بارش جاری ہے۔ کئی مقامات پر راستے بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھردو روز سے جاری برفباری کی وجہ سے ملکہ کوہسارمری نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جسے دیکھ کر سیاحوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں۔ تاہم تین سے چار فٹ برف کی وجہ سے یہاں کا رخ کرنے والے کئی سیاحوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق مری میں دو فٹ جبکہ گلیات اور وادی نیلم میں تین فٹ تک برف پڑچکی ہے، مری اور گلیات میں برفباری کا سلسلہ آج رات اور کل صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں کئی فٹ برف پڑنے سے وادی لیپہ،گریز اور کیل کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔چترال کے لواری ٹاپ سمیت بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔ لواری ٹنل کے مقام پر ڈھائی فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ جس کے بعد کیلاش ویلی ،بگوشت اور شاہ سلیم جانے والے راستے بندہوگئے ہیں۔ شمالی بلوچستان میں زیارت ،کوڑک ٹاپ اور خواجہ عمران سمیت کئی علاقوں میں برف پڑتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے۔ زیارت میں گیس اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے سیاحوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ سوات کے علاقوں مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد، پشاور اور پنجاب کے مخلتف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس کے باعث سردی سے بچنےکےلیے گرم کپڑوں کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا،اسلام آباد،وسطی پنجاب، بالائی علاقوں ، ژوب، کوئٹہ، کشمیراورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اورپہاڑوں پرمزید برفباری کا امکان ظاہرکیا ہے۔

مزیدخبریں