اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے اسیر سیاسی و مذہبی رہنما عبدالقادر ملا کو پھانسی دئیے جانے کے واقعہ پر تاسف اور شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1971ء کے واقعات کو 42سال گزرنے کے باوجود انہیں پھانسی دینا انتہائی افسوسناک اور المناک اقدام ہے‘ بعض حلقے اسے عدالتی قتل قرار دے رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کو پھانسی 1971ء میں انکی پاکستان سے وفاداری اور یکجہتی نبھانے کے باعث ہوئی ہے۔ وہ بنگلہ دیش بننے سے پہلے آخری دم تک متحدہ پاکستان کے داعی رہے۔ آج ہر پاکستانی کو ان کی رحلت پر دکھ اور افسوس ہے۔ بین الاقوامی تعلقات، امت مسلمہ کی یکجہتی اور دانشمندی اس امر کا تقاضا کرتے تھے کہ ماضی کے حالات و واقعات کو پس پشت ڈال کر نئے دور کا آغاز کیا جائے لیکن اس انتہائی افسوسناک واقعہ سے ماضی کے پرانے زخموں کو پھر سے ہرا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بہتر ہوتا اگر بنگلہ دیش کی حکومت بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گڑے مردے اکھاڑنے کی بجائے وسیع القلبی اور فراخدلی کا مظاہرہ کریں۔ دریں اثناء چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں مختلف فریقین کے درمیان بہت زیادہ ابہام کا عنصر موجود ہے یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ 2014ء کے بعد کے مرحلہ میں چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے اس ملک کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر گریک گیو کاس اور افغانستان کیلئے کینیڈا کی سفیر ڈی بورا لیونس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کو ایک سے زیادہ طاقت کے مرکز کے ساتھ پیچیدہ صورتحال درپیش ہے وہ آئندہ 12 ماہ میں اقتصادی، سیاسی اور عسکری تبدیلی سے گزرنے جا رہا ہے۔ کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم تیل و گیس اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں ملکی ترقی کیلئے کینیڈا کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کو کینیڈا کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔ سفیر لیونس نے کہا کہ دنیا کا یہ حصہ 21 ویں صدی میں بہت زیادہ اثر و رسوخ کا حامل ہو گا۔ کینیڈا افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی تناظر پر توجہ دیتے ہوئے بہتر تعاون کیلئے دوطرفہ اور علاقائی لحاظ سے کام کر رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے امن کے حوالہ سے بیانات بالخصوص کابل کے حالیہ دورہ سے افغانستان کو بہت مثبت پیغامات ملے ہیں اس سے ملک کو امن و استحکام کیلئے امید ملی ہے۔ کینیڈین ہائی کمشنر گریک گیو کاس نے کہا کہ علاقائی امن، سلامتی اور ترقی کیلئے خطہ میں ہر ملک کی اپنی اہمیت اور کردار ہے۔ انہوں نے یورپی یونین مارکیٹ میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کا مرتبہ ملنے پر وزیر داخلہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو خود کو دنیا کیلئے تیار کرنا چاہئے۔