دبئی (سپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 24 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ سری لنکن اوپنرز نے ابتدائی وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بنائے۔ تلکا رتنے دلشان 33 گیندوں پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ 133 کے مجموعی سکور پر گری جب پرسنا 8 گیندوں پر 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تیسری وکٹ 211 کے مجموعی سکور پر گری جب اوپنر پریرا 59 گیندوں پر 84 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ کمارا سنگاکارا 21 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی اننگز میں 8 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان خان 52، سہیل تنویر 31، بلاول بھٹی 32، محمد حفیظ 45 اور شاہد آفریدی 25 رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب پہلی وکٹ 18 کے مجموعی سکور پر گر گئی، احمد شہزاد 10 گیندوں پر 8 رنز بنا سکے۔ دوسری وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان محمد حفیظ 7 گیندوں پر 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی سنبھل نہ سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔ صہیب مقصود 15، عمر اکمل صفر، عمر امین صفر، بلاول بھٹی صفر رنز پر چلتے بنے۔ 85 کے مجموعی سکور پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ شرجیل خان 50، شاہد آفریدی 28، سہیل تنویر 41، سعید اجمل 20 رنز بنا سکے۔ عثمان خان 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم 19.2 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ سنا نائیکے نے 3، کلاسیکرا، پرسانا، پریرا نے دو دو جبکہ لاستھ مالنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 84 رنز بنانے پر پریرا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ شاہد آفریدی کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ اس سے قبل سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں بہترین سکور 9 وکٹوں پر 156 رنز تھا جو 17 ستمبر 2007ء میں جوہانسبرگ میں بنایا گیا تھا۔ سری لنکا نے 14 ستمبر 2009ء میں کینیا کے خلاف 6 وکٹوں پر 260 رنز بنائے تھے جو کہ ٹی ٹونٹی تاریخ کا سب سے بہترین سکور ہے۔ قومی ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آ گئی۔ سری لنکن ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ سہیل تنویر اور سعید اجمل نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نویں وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بناکر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔