برطانوی پولیس نے جینا حرام کر دیا ‘ قومی و عالمی اسٹیبلشمنٹ جان لے سکتی ہے : الطاف

لاہور+ لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ لاہور سے ہماری محبت ایک دن رنگ لائے گی۔ لاہور میں اپنی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے ہر گھر میں ہمارے چاہنے والے ہوں گے۔ لاہور کا پیچھا نہیں چھوڑ سکتے۔ پنجاب کے بھائیوں نے محبت کا جو پودا لگایا وہ قائم رہے گا۔ برطانیہ اور  قومی و عالمی اسٹیبلشمنٹ جان لے سکتی ہے میرا ایمان نہیں خرید سکتی۔ میرا پاسپورٹ بھی منسوخ کر سکتی ہے اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا۔ ہر طرح کی صورتحال کیلئے تیار ہوں، برطانوی پولیس نے میرا جینا حرام کر رکھا ہے۔ لاہور کے بزرگو دیکھ لو میری راہ میں کتنی رکاوٹیں ہیں، پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے سامنے نہیں جھکا تو برطانوی پولیس کے سامنے کیسے جھک سکتا ہوں۔ میرے علاوہ کوئی سیاستدان نہیں جس نے فوج کے پیسوں کو ٹھکرایا ہو، جنرل (ر) حمید گل، بریگیڈئر (ر) امتیاز اور جنرل (ر) اسلم بیگ زندہ ہیں ان سے پوچھ لو کہ کیا الطاف حسین نے پیسے لئے تھے یا انکار کیا تھا۔ جرنیلوں کے نوٹوں سے بھرے بریف کیس واپس کئے۔ میرا یہ قصور یہی ہے کہ میں نے پیسے نہیں لئے۔ میں اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار تھا، نہ ہوں۔ پاکستان کیلئے جان دینے کیلئے تیار ہوں۔ گذشتہ روز لندن سے فون پر لاہور میں اپنی کتاب فلسفہ محبت کی تقریب رونمائی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ پنجابی، مہاجر، بلوچ ازم نہیں کریں گے صرف پاکستان ازم کریں گے۔ الطاف حسین کی طرح سچ اور حق کہنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا مجھے پیسے دے کر خریدنے کی کوشش کی گئی۔ پیسے لے کر وطن سے محبت کرنے والا نہیں ہم ایک ہو جائیں تو امریکہ کو 30بار اپنی جائز شرائط پر بات کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کیلئے جان دے سکتا ہوں لیکن پیسوں کی دیوار بیچ میں کھڑی کر دی گئی۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرد کے بچے ہو تو ڈرون گرائو ورنہ قوم کو اْلو نہ بنائو۔میں جب پاکستان میں تھا تو اس وقت بھی مجھ پر مظالم کئے گئے، جھوٹے مقدمات بنائے گئے، میں جیل میں رہا لیکن میں نے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا، سب لوگ کہتے ہیں کہ میں نے قومی پرچم کی توہین کی مجھے تو کھمبے پر چڑھنا ہی نہیں آتا توہین کیسے کرسکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملک کے خلاف ہیں۔

ای پیپر دی نیشن