ماروی میمن نے ہرنائی میں نوجوانوں کیساتھ کرکٹ کھیلی، وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات

Dec 14, 2013

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) ماروی میمن نے ضلع ہرنائی میں نوجوانوں کیساتھ کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے نوجوانوں سے یہ شرط بھی منوائی کہ وہ وزیراعظم لون سکیم سے قرضہ لیں، جب وہ میدان میں داخل ہوئیں تو ایک نوجوان نے پوچھا کہ کیا آپ بائولنگ کریں گی تو انہوں  نے جواب دیا کہ میں بیٹنگ کروں گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ آسان بولنگ کرانا ایک نوجوان نے پوچھا کہ کیا چھکے لگائیں گی؟ تو انہوں نے کہا کہ مجھ کو مشکل بال آیا تو دیکھنا میں کیا کرتی ہوں۔ چھکا لگانے کی کوشش کروں گی۔ لیکن شرط  آسان بال کی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ مجھ سے وعدہ کرو کہ قرضے کیلئے اپلائی کرو گے اس پر نوجوانوں نے اقرار کیا۔ ایک نوجوان نے انہیں آسان گیند کرائی تو وہ پہلی ہی بال پر آئوٹ ہو گئیں۔ دریں اثنا وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک  بلوچ سے وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کی چیف کوآرڈینیٹر اور رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے جمعہ کے روز ملاقات کی اور وزیراعلی بلوچستان کو پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی بلوچستان عبدالمالک  بلوچ نے یوتھ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت پر اس پروگرام کے مثبت اثرات مرتب ہونگے اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ علاوہ ازیں ماروی میمن نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے یہ سب سے بڑا قرضہ  پروگرام ہے جس کی شفافیت میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے  ڈیرہ مراد جمالی میں نیشنل بنک میں افتتاحی تقریب اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ 

مزیدخبریں