جوڈیشل کمشن کے قیام میں کوئی آئینی رکاوٹ نہیں: سرتاج عزیز

چکوال (نامہ نگار) مشیر وزیراعظم برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت اور عمران خان کے درمیان سنجیدہ مذاکرات کیلئے بڑی پیشرفت ہوچکی ہے، حکومت کی نیت سو فیصد درست ہے ، جوڈیشل کمیشن کے قیام میں کوئی آئینی رکاوٹ موجود نہیں کیونکہ موجودہ حکومت کے 11 مئی کے انتخابات کروانے میں کوئی عمل دخل شامل نہیں تھا، نچلی سطح پر کسی بھی جگہ پر اگر دھاندلی ہوئی ہے تو وہ معمول کی بات ہے تو ہر الیکشن میں اتنی دھاندلی ہوتی ہے۔ وہ نظریہ پاکستان اور آج کے حالات کے سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم کے استعفیٰ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، باقی انکے جو مطالبات ہیں ان میں سے بیشتر مطالبات ہمارے اپنے پارٹی کے منشور میں شامل ہیں۔ قبل ازیں نظریہ پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہو چکی ہیں کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے اور پچھلے کچھ عرصہ میں جمہوریت کو خطرہ درپیش ہوا تو خیبر سے کراچی تک تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کا مطلب سماجی انصاف ہے جہاں پر اللہ اور اسکے قانون کے عمل کی پاسداری ہو، بہرحال پاکستان اپنے مقاصد کی طرف بڑھ رہا ہے۔ دیگر مقررین نے کہا نظریہ پاکستان کا تحفظ کیے بغیر پاکستان کو خوشحال اور آزاد مملکت نہیں بنایا جا سکتا، آئین کے آرٹیکل 63 میں واضح طور پر لکھا ہے کہ نظریہ پاکستان کا مخالف پارلیمنٹ کا ممبر نہیں بن سکتا، آئین پر مضبوطی سے عمل کر کے نظریہ پاکستان کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ سیمینار کی صدارت دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کی جبکہ سرتاج عزیز مہمان خصوصی تھے۔ خطبہ استقبالیہ نظریہ پاکستان فورم ضلع چکوال کے صدر راجہ مجاہد افسر نے پیش کیا ۔ رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت نے کہا کہ ہندو اور مسلمان دو مختلف قومیں ہیں اور حالات کے جبر اور تاریخ نے ثابت کیا کہ یہ دونوں قومیں اکٹھی نہیں رہ سکیں اور اسی کی بنیاد پر دو قومی نظریہ وجود میں آیا اور یہی نظریہ پاکستان ہے۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ اکابرین مسلمان نے 1857ء کی جنگ آزادی میں ہی طے کر لیا تھا کہ ہندو اور مسلمان اکٹھے نہیں رہ سکتے اور پھر 1938ء کے الیکشن میں جب ہندوئوں کی نمائندہ جماعت کانگرس نے 7,8 صوبوں میں کامیابی حاصل کی تو انہوں نے مسلمانوں پر ظلم کرنا شروع کردیئے اور اسی دن سے پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی تھی۔ آخر میں راجہ مجاہد افسر نے وفاقی وزیر سرتاج عزیز اور جنرل (ر) عبدالقیوم کو نظریہ پاکستان فورم چکوال کی طرف سے شیلڈ پیش کیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...