سپریم کورٹ کا فیصلہ عمران کے لئے نئے سال کا تحفہ ہے، احتجاج اور رونے سے قانون مدد نہیں کر سکتا : پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی جمہوریت پسندی ہے کہ عمران خان کراچی میں آنکھیں چرانے لاہور میں آنکھیں دکھانے کی پالیسی اپنا رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کی گذشتہ 6 ماہ کی منفی سیاست کو تحمل سے برداشت کیا۔ پاکستان کا ہر شہری عمرانی گلوئوں کے صحافیوں پر حملوں کا چشم دید گواہ ہے۔ پارلیمنٹ پر حملے کے ذمہ دار امن پسندی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا مظاہروں اور دھرنوں کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ تحریک انصاف احتجاج کے بغیر بھی اپنے مطالبات منوا سکتی ہے۔ پرویز رشید نے کہا ان دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے معیشت اور معاشرہ بُری طرح متاثر ہوا۔دریں اثناء سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نئے سال پر عمران خان کو سپریم کورٹ کا فیصلہ تحفے کے طور پر پیش کرتا ہوں۔ عمران اور ان کے ساتھیوں سے گزارش ہے کہ دھرنا سیاست سے فرصت ملے تو سپریم کورٹ کا فیصلہ غور سے پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ غور سے پڑھنے پر انہیں معلوم ہو سکے گا کہ دھاندلی صرف الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کی جا سکتی ہے۔ دھرنے اور احتجاجوں دھاندلی کے رونے پیٹنے کے الزامات سے قانون ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتا۔ آئین کے احترام میں عمران خان مہم جوئی ترک کر دیں، آئین کے تحت صرف الیکشن ٹربیونل میں نتیجہ چیلنج کیا جا سکتا ہے، شواہد نہ ملنے پر دھاندلی کے خلاف درخواستیں مسترد کی گئیں۔ عمران عدالتی فیصلے کی روشنی میں قانونی طریقے اپنائیں، عمران کو معلوم ہو جائے گا کہ دھاندلی کے الزامات ردی کی ٹوکری کے لائق ہیں۔

ای پیپر دی نیشن