عمران کی غنڈہ گردی چل رہی ہے، گرفتار نہیں کرا سکتے: رانا ثنا، جعلی فوٹیج دکھائی، فراڈ کا مقدمہ ہو گا: ترجمان حکومت پنجاب

لاہور (خصوصی رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ شیریں مزاریں کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ عمران خان کے پاس کوئی ثبوت نہیں، ہم تحریک انصاف کے خلاف عدالت جائیں گے۔ انکی تمام فوٹیج جعلی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں کل ہمارا ہر کارکن ضبط کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جعلی تصاویر بنانے میں 5 دن لگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شیریں مزاری فراڈ کے مقدمے میں جیل جائیں گے۔ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے روز اپنا مؤقف بدلتے ہیں، سنجیدہ ہیں تو پولیس کو ثبوت فراہم کریں۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے مدعی کو تعاون کرنا پڑتا ہے۔ تحریک انصاف ملزم کو گرفتار کرانے میں سنجیدہ نہیں۔ سارے پاکستان میں عمران خان کی غنڈہ گردی چل رہی ہے۔ شیریں مزاری سن لیں ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ایف آئی آر میں نامزد اپنے کارکنوں کو خود میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ زعیم حسین قادری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے ہونے والی ہڑتالیں، غریب آدمی کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے کیونکہ ان ہڑتالوں کی وجہ سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور بھوکا سوتا ہے، حکومت پنجاب پی ٹی آئی کے دھرنوں کی سکیورٹی پر سات ارب روپے سے زائد خرچ کر چکی ہے، احتجاج آئین کے دائرے میں رہا تو تحفظ فراہم کریں گے۔ زعیم حسین قادری نے کہا تحریک انصاف کے رہنمائوں پر مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ لیبارٹری میں تیار کی گئی جعلی تصاویر دکھائی گئیں۔ تصاویر کے ثبوت پہلے کیوں نہیں پیش کئے گئے۔ زعیم قادری نے کہا لاہور کے تاجروں نے سوموار کو ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے۔ عمران سنجیدہ ہیں تو پھر احتجاج کیوں ہے۔ آئی این پی کے مطابق رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاستدان ہوں کوئی بھی میرے ساتھ آکر کھڑے ہو سکتا ہے۔ شیریں مزاری نے پریس کانفرنس میں جھوٹ بولا۔ میں تو سیاسی آدمی ہوں میرے ساتھ ڈیرے پر میرے پیچھے کوئی بھی کھڑا ہو سکتا ہے۔ شیریں مزاری سن لیں ایسے ہتھکنڈوں سے ڈر نہیں سکتے۔ تحریک انصاف والے روز اپنے مئوقف بدلتے ہیں۔ چھ سے 7 روز میں واقعہ کی تحقیقات سامنے آ جائیں گی۔ تحریک انصاف سنجیدہ ہے تو پولیس کو ثبوت فراہم کرے۔ تحریک انصاف اوچھے ہتھکنڈے سے مجھے گرفتار نہیں کرا سکتی۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے مدعی کو تعاون کرنا پڑتا ہے۔ شیریں مزاری نے اپنی پریس کانفرنس میں جس فرد عبدالمالک کی تصویر کو فوکس کر کے کہا کہ یہ آدمی قاتل کو گولی مارنے کا حکم دے رہا ہے اس عبدالمالک کا پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار اور اس واقعے کے مدعی یعقوب راسم سے رابطہ ثابت ہو گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے فیصل آباد وقوعہ سے متعلق ہر روز نیا جھوٹ گھڑ کر لاتے ہیں اور اس کے غلط ثابت ہونے پر شرمندہ ہونے کی بجائے نیا جھوٹ گھڑتے ہیں۔ شیریں مزاری صاحبہ نے پہلے میرے گھر پر منصوبہ بندی کا کہا اب اپنی پریس کانفرنس میں اپنے ہی مؤقف کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے کہ مذکورہ میٹنگ سرکٹ ہاؤس فیصل آباد ہوئی تھی۔ یہ تضادات ثابت کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی ایک جعلساز، جھوٹا، ریاکار، مکار، اقتدار کے بھوکوں اور ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا ایک ٹولہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...