نئی دہلی(آن لائن) ممبئی بم دھماکوں کے مبینہ ملزم دائود ابراہیم کو ایک سال قبل کراچی میں قتل کرنے کا بھارتی کمانڈوز کا آپریشن ناکام ہوگیا۔ اس بات کا انکشاف ایک بھارتی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔ بھارتی ٹی وی سی این این آئی بی این کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ بھارتی کمانڈوز کی ایک ٹیم دائود ابراہیم کو قتل کرنے کیلئے پاکستان میں داخل ہوئی اور انہیں مارنے کیلئے بڑے پیمانے پر ایک خفیہ منصوبہ تشکیل دیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ادارے دو دہائیاں قبل دائود ابراہیم کے پاکستان فرار ہونے کے بعد سے اس کی تلاش اور گرفتاری کیلئے کوشاں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں 2013ء میں دائود ابراہیم کو قتل کرنے کیلئے ایک آپریشن کی منصوبہ بندی کی گئی اور خفیہ ادارے ’’را‘‘ نے اس آپریشن کیلئے 9 ایجنٹوں کا انتخاب کیا اور انہیں سوڈان‘ بنگلہ دیش اور نیپال کے ویزے دئیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس ٹیم کا نام ’’سپر بوائز‘‘ رکھا گیا۔