ممبئی (نیٹ نیوز) بھارتی حکومت نے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو گزشتہ روز ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز ’پدما وبھوشن‘ سے نوازا گیا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو ممبئی میں دلیپ کمار کے گھر پر سادہ تقریب میں انہیں یہ ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر اور وزیراعلیٰ بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ یہ ایوارڈ دلیپ کمار کو ان کے 93ویں یوم پیدائش کے دو دن بعد دیا گیا۔ دلیپ کمار اپنی علالت کی وجہ سے اپریل میں یہ ایوارڈ لینے دہلی نہیں جا سکے تھے۔ محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار پشاور میں پیدا ہوئے اور انہیں پاکستان کے سب بڑے شہری اعزاز ’نشان امتیاز‘ سے نوازا جا چکا ہے۔ دلیپ کمار بھارت کے سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکار ہیں۔ انہیں 8بار فلم فیئر کی جانب سے بہترین اداکار کے ایوارڈ جبکہ انہیں گراں قدر دادا صاحب پھالکے سمیت کئی دوسرے سرکاری ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔ دلیپ کمار، دیوانند اور راج کپور کا ایک عرصے تک موازنہ ہوتا رہا پھر امیتابھ اور دلیپ کمار کے بارے میں یہی باتیں سامنے آنے لگیں۔ دہلی کے صحافی آدیش کمار گپتہ نے بی بی سی کو بتایا ’دلیپ کمار کو یہ ایوارڈ بہت پہلے مل جانا چاہیے تھا۔ ایسی حالت میں ایوارڈ ملنا اہمیت کھو دیتا ہے کہ جب ایوارڈ کا احساس جاتا رہے یا شخصیت ایوارڈ سے بڑی ہو جائے‘۔ دلیپ کمار نے 1944ء میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔
دلیپ کمار کیلئے بھارتی حکومت کی جانب سے پدما وبھوشن ایوارڈ، ممبئی میں راجناتھ سنگھ نے لیجنڈ کو گھر جا کر دیا
Dec 14, 2015