عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی کی طرز پر پنجاب میں آپریشن کیا گیا تو یہاں بھی بہت سے ”ڈاکٹرز“سامنے آئیں گے ، حقیقت میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کی کرپشن کو بچانے کا ” میثاق “ کر رکھا ہے لیکن موجودہ حالات میں دونوں کے لئے اپنا آپ بچانا مشکل دکھائی دیتا ہے، ایک انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کراچی طرز کا آپریشن پنجاب سمیت پورے ملک میں ہونا چاہئے۔ پنجاب میں اس کا آغاز ہوا تو اتنے ”ڈاکٹرز “سامنے آئیں گے کہ عوام دھنگ رہ جائیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) والے شفاف کرپشن کرنے کے ماہر ہیں لیکن پھر بھی ان کی وارداتیں سامنے آتی رہتی ہیں۔ ایل این جی کا بہت بڑا سکینڈل سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا عمران خان سچا کھرا انسان ہے اور مجھے اس کی ایمانداری پرکوئی شک نہیں۔