کوئٹہ+ لورالائی+ کوہاٹ (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے آواران میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات آواران کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ ادھر فرنٹیئر کور بلوچستان نے زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق مطابق فرنٹیئرکوربلوچستان نے زیارت کے علاقے اغبرگ میں تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور 5 کو خودکار ہتھیاروں سمیت گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی جبکہ دوسری کارروائی میں ماشکےل کے علاقے مدیسار میں ایک گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کے خفیہ خانوں سے بڑی تعدادمیں منشیات برآمدکرلی گئی۔ منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہےں۔ادھر لورالائی میں پولیس نے کارروائی میں کار سے بم بنانے کا سامان برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کار سے 360 ڈائنامائیٹ، 720 بم فیوز اور دو نیڈل تار برآمد کرلی۔ علاوہ ازیں چمن میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بناد ی گئی۔ دہشت گردوں نے چمن شہر میں خوشی محمد روڈ پر 20 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا ہوا تھا بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس اور بم ڈسپوزل کے عملے نہیں اسے ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے جوائنٹ روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ سول لائن تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا ،،تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ہفتہ کی صبح جوائنٹ روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ تین اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ادھرکوہاٹ میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا کر مبینہ دہشت گرد کو دستی بم سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق ضلع ہنگو سے ہے اور دھماکہ خیز مواد مالٹوںکی تھیلی میں چھپا کر کوہاٹ لایا تھا۔ جنگل خیل پولیس نے ملزم کو علاقہ شیری ویلہ سے حراست میں لیکر تفتیش کیلئے مقامی تھانے منتقل کردیا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق ملزم کے قبضے سے ملنے والا دستی بم روسی ساخت کا ہے۔
2 دہشت گرد ہلاک
آواران، جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک: چمن، 20 کلو وزنی بم برآمد
Dec 14, 2015