لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راو¿نڈر حارث سہیل نے ان خبروں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صحت یابی کے بعد رواں ہفتے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ شروع کررہے ہیں۔ حارث سہیل نے کہا وہ گھٹنے کی انجری پر قابو پا چکے ہیں اور پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے آغاز سے قبل اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے این سی اے میں ٹریننگ شروع کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جلد شروع ہونے والے ایک روزہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کی کوشش کروں گا جہاں اسلام آباد کی نمائندگی کروں گا۔ حارث سہیل نے پاکستان کی جانب سے 22 ایک روزہ میچوں میں 43 کی اوسط سے 774 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کی بہترین کارکردگی کے باعث کرکٹ کے ماہرین انھیں پاکستان کے مستقبل سے تعبیر کرتے تھے۔2015 میں گھٹنے کی انجری کے باعث ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا اور طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہے تاہم انھیں رواں سال اے ٹیم کے ساتھ انگلینڈ بھیجا گیا تھا جہاں انھیں ایک دفعہ پھر گھٹنے کی انجری کی شکایت پر واپس لوٹنا پڑا تھا۔