تل ابیب (این این آئی) اسرائیل نے پہلی مرتبہ ایف 35 سٹیلتھ طیارے امریکہ سے وصول کرلئے، دو ایف تھرٹی فائیو جنگی طیارے اسرائیل کو مل گئے جب کہ بقیہ 48 کی ترسیل بعد میں ہوگی۔ جہاں یہ طیارے انتہائی جدید ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کے حامل ہیں وہیں اسکی قیمت اور بعض ابتدائی نقائص کے باعث اس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر ان طیاروں کی رونمائی کے وقت اسرائیلی وزیر دفاع کے ہمراہ اسرائیل کے نیواتم فضائی اڈے پر موجود تھے۔ دنیا بھر میں کئی ممالک نے ایف تھرٹی فائیو طیاروں کے آرڈر دے رکھے ہیں تاہم اسرائیل، جسے امریکہ سالانہ تین بلین ڈالر کی دفاعی امداد دیتا ہے، یہ طیارے حاصل کرنے والا پہلا ملک ہوگا۔ ہر طیارے کی اوسط قیمت تقریبا 110 ملین ڈالر ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ان طیاروں کی مدد سے اسرائیل مشرق وسطیٰ میں اپنی عسکری برتری کو مزید بہتر کر پائے گا۔