خیبر پی کے میں دہشت گردوں اور انکی تنظیموں کی نئی لسٹ تیار

Dec 14, 2016

پشاور (بیورو رپورٹ) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے محکمہ پولیس، انٹیلی جنس اورقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے پشاور سمیت خیبر پی کے میں دہشت گردوں اور انکی تنظیموں کی نئی لسٹ تیار کرلی، لسٹ میں مجموعی طور پر 9 تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 452 دہشت گرد شامل ہیں جن کو 4 کیٹیگریز ( اے، بی، سی اور غیر متعین) میں تقسیم کیا گیا ہے کیٹیگری’’اے‘‘ میں سب سے اہم اورمطلوب 75 کمانڈرز شامل ہیں، کیٹیگری ’’بی‘‘ میں 45 مطلوب دہشت گرد اور کیٹیگری’’سی ‘‘ میں 83 دہشت گرد جبکہ 249 دہشت گردوں کو ابھی کسی کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا ذرائع سے موصول ہونے والی ان لسٹوں کی کاپیاں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ پولیس تھانوں کو ارسال کردی گئی ہیں تاکہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جاسکے۔ کالعدم تنظیم کے کمانڈروں میں اہم کمانڈر منگل باغ، عبد الولی اور گیدڑ گروپ کے 2کمانڈروں کے سروں کی قیمت ایک، ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لسٹ میں شامل دیگر دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 5 لاکھ سے لیکر 80 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہے لسٹ میں جن کالعدم تنظیموں کی نشاندہی کی گئی ہیں ان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، سپاہ صحابہ پاکستان (ایس ایس پی)، ملت اسلامی پاکستان(ایم آئی پی)، لشکر جھنگوی (ایل ای جے)، تحریک جعفریہ پاکستان، اسلامی تحریک پاکستان (آئی ٹی پی)، سپہ محمد پاکستان (ایس ایم پی)، تحریک نفاذ شریعت محمدی (ٹی این ایس ایم) اور جیش محمدی(جے ای ایم) شامل ہیں۔

مزیدخبریں