گوجرانوالہ+ نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار ) گوجرانوالہ میں دھند کے باعث تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹرالے کے نیچے گھس جانے کے نتیجے میں جاں بحق ہو جانے والے تینوں دوستوں کی نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ واضح رہے گزشتہ رات گئے گجرات کے تین دوست حسنین، کامران اور انور کار میں سوار ہو کر گوجرانوالہ سے واپس جا رہے تھے کہ نواب چوک کے قریب دھند کے باعث انکی تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹرالے کے نیچے جا گھسی جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونیوالے تینوں دوست زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اطلا ع پا کر متوفیان کے ورثاء بھی ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچ گئے جو اپنے پیاروں کی نعشوں سے لپٹ کر روتے رہے، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نیو کالاخطائی لاہور روڈ پر بابکوال کے قریب کیری ڈبہ اور کارکے تصادم میں تین عورتوں سمیت 8مسافر زخمی ہوگئے جبکہ کالاخطائی کے قریب موٹر رکشہ الٹنے سے چار سواریاں زخمی ہوگئیں۔ فقیر بائی پاس گجرچوک کے قریب تیزرفتاری کے باعث کیری ڈبہ کھیتوں میں جاگرا جس کے باعث تین سواریاں زخمی ہوگئیں۔ ڈیرہ اشرف کے قریب کار اور موٹرسائیکل ٹکرانے سے دو افراد رمضان اور سعید زخمی ہوگئے۔ نارووال مریدکے روڈ پر چک بھلہ کے قریب دو موٹرسائیکلیں ٹکرانے سے تین افراد اللہ رکھا، فضل الٰہی وغیرہ زخمی ہوگئے۔
گوجرانوالہ: حادثہ میں ہونیوالے جاں بحق 3 دوستوں کی نعشیں ورثا کے حوالے
Dec 14, 2017