اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + ایجنسیاں) وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کی سیاست مسلم لیگ (ن) اور اینٹی مسلم لیگ میں تقسیم ہو گئی ہے، کسی اور کی کوئی شناخت نہیں ہے، اسحاق ڈار میڈل کے مستحق ہیں نہ کہ اس تذلیل کے جو ہم انہیں دے رہے ہیں۔ اپوزیشن والوں کے منہ کو خون لگا ہوا ہے۔ ہر کسی کو گالیاں دیتے ہیں، ہر کسی کی کردار کشی کرتے ہیں، اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، سابق وزیر خزانہ نے محنت کے ساتھ پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا تھا، ہم بہت پراعتماد ہیں کہ عوام ہمیں آئندہ الیکشن میں کامیاب کریں گے، ہمارے مخالفین پریشان ہیں اور گٹھ جوڑ کررہے ہیں اور نیلے پیلے قسم کے لوگ بھی مل رہے ہیں جن کے درمیان نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ کوئی بات ہے۔ کراچی میں بلدیہ فیکٹری سانحہ کی مکمل تحقیقات کے نتیجے میں جو بھی ملزم تھے، ان کو اس کی سزا ملے گی، کراچی کے امن سے اب کوئی نہیں کھیل سکتا، کراچی کو ہم نے لاقانونیت سے آزاد کروایا ہے جو لوگ لاقانونیت کے ذمہ دار تھے ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، دھرنوں کے ذریعے الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مخالفین نگران حکومت کے لئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے پاکستان سوسائٹی آف ڈویلپمنٹ اکانومسٹ کی 33 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں صدر سہارتو کو تین عشرے ملے جس میں انہوں نے صنعتی ترقی کا انفراسٹرکچر بنایا جس سے انڈونیشیا آج ترقی کر سکا ہے جبکہ ترکی میں رجب طیب اردگان کی حکومت گزشتہ 22 سال سے قائم ہے میں یہ نہیں کہتا کہ پاکستان میں کسی حکومت کو 20,30 سال کا لائسنس دیا جائے مگر انتخابات کے نتیجہ میں کوئی 20 سال بھی کر سکتا ہے کم بھی کر سکتا ہے۔ پالیسیوں کے تسلسل کے بل بوتے پر ہی ترقی ہوتی ہے۔ یہ اقتصادی ترقی کے لیے پہلی شرط ہے۔ پاکستان میں ملٹری ڈکٹیٹرشپ تین مرتبہ آئی اور انہوں نے درست معاشی پالیسیوں پر عمل نہیں کیا۔ وہ جو پالیسیاں لائے وہ بیرونی امداد کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے عام انتخابات سبوتاژ کرنے کیلئے دیئے جارہے ہیں۔ نگران حکومت کے دورانیئے میں سپریم کورٹ کے حکم پر بھی اضافہ ہوا تو اس سے انتخابات کی ساکھ متاثر ہوگی۔ علاوہ ازیں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہے۔ پاکستان اور امریکہ باہمی تعاون کے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مل کر کام کریں۔ مزید برآں وزارت داخلہ میں ای پاسپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ای پاسپورٹ کے اجراء سے عالمی دنیا میں پاکستان کی ساکھ بحال ہوگی، پہلے مرحلہ میں سرکاری اور سفارتخانوں کو ای پاسپورٹ مارچ 2018ء میں جاری کئے جائینگے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے، آئین کے مطابق نگران حکومت قبول کریں گے۔ مزید برآں نیشنل پولیس اکیڈمی میں 11 بکتر بند گاڑیوں کی حوالگی کی تقریب میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی سمیت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کا کردار انتہائی اہم ہے، جدید آلات کی فراہمی سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئیگی۔ دریں اثناء ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن اخلاقی خطرے کے ساتھ پرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام میں بھی رکاوٹ ہے۔
دھرنے سازش‘ نگران حکومت کی مدت بڑھی تو الیکشن متاثر ہونگے: احسن اقبال
Dec 14, 2017