مسلم لیگ (ن) جمہوریت ‘ آئین کی حکمرانی‘ پارلیمنٹ کیلئے کبھی بیانیہ تبدیل نہیں کریگی: سعد رفیق

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن)جمہوریت،آئین کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کبھی اپنا بیانیہ تبدیل نہیں کرے گی ،مخالفین کی کوشش ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی اور صوبائی حکومتوں پر پانی پھیر دیں مسلم لیگ (ن)کی مرکزی قیادت میں نہ کوئی سراخ ہواہے اور نہ ہوگا ظفراللہ جمالی جیسے لوگ ہر دور میں وفاداریاں بدلتے ہیں ان کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ملک میں جمہوریت چلتی رہے گی جب بھی سینیٹ کا الیکشن آتا ہے تو حکومتوں کو لالے ڈال دیئے جاتے ہیں تاکہ سینیٹ میں اکثریت نہ آسکے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اس کھیل کا حصہ نہ بنے تو انکی سیاسی صحت کیلئے اچھے ہیں کھلاڑی کی پارٹی بھی یہ سیکھ لے کہ وہ ایشوز پر اختلاف کرے آصف علی زرداری طاہرالقادر ی کو کنٹینر پر چڑھا کر خود ایک طرف ہوجائیں گے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کی رات کو وزیراعلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ،صوبائی وزراء نواب چنگیز مری ،میر اظہار کھوسہ،وزیر اعلی کے مشیردرمحمد ناصر ،اراکین اسمبلی عبدالماجد ابڑو،طاہر محمود ،میر عاصم کرد گیلو ،حاجی اکبر آسکانی ،ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ ،نصیب اللہ بازئی ،سیدال خان ناصر ،ملک ابرار ،جمال شاہ کاکڑ،جان اچکزئی ودیگر بھی موجود تھے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ملک میں جمہوریت چلتی رہے گی بعض لوگوں کے پیٹ میں درد ہوتا رہتا ہے جب بھی سینیٹ کا الیکشن آتا ہے تو حکومت کو حکومت کے لالے ڈال دیئے جاتے ہیں کہ یہ چلے جائیں سیاسی جماعتوں کو اس معاملے کا اداراک ہونا چاہیے پیپلز پارٹی او رپی ٹی آئی اس کا کھیل کا حصہ نہ بنے تو یہ انکی سیاسی صحت کیلئے بہتر ہے سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے مجھے بتائیں اس سے جمہوریت کو کیا خطرہ ہے سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں کو بات چیت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور سیکورٹی فورسز نے امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں بلوچستان کا اہم کردار ہے گوادر کو نیشنل ریلوے اور چین کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اس سلسلے میں گوادر میں 285ایکڑ زمین خرید چکے ہیں حادثات کی صورت میں معاوضے کی رقم متوفی کیلئے 8لاکھ جبکہ زخمی کیلئے 3لاکھ کردی گئی ہیں ساڑھے چار سالوںمیں کوئی ٹرین بند نہیں کی تمام ٹرینیں خسارے میں تھیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے چار سال میں بہت سے جھٹکے اور دھرنے برداشت کیے ہیں لیکن میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رکھتے ہوئے ہم نے ملک سے لوڈ شیڈنگ میں کمی کی ہے توانائی کے شعبے میں بہتری آئی ہے یہ سب ہم نے کوئی آسمانی کام نہیں کئے بلکہ زمین پر ہوئے ہیں مخالفین ہماری صوبائی اور وفاقی حکومت پر پانی پھیرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ترقی کا سفر جاری وساری رکھیں گے اور اگلے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) عوام کی طاقت سے ایک بار پھر کامیاب ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور نواب چنگیز مری نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں نئی روح پھونک دی ہے انکی قیادت میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان یکجا ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی بلوچستان میں کامیابی حاصل کرینگے ۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس کے دوران شورمچانے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسلم لیگ(ن)کے رہنماوں کو ڈانٹ پلادی۔وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کی جانب سے بدنظمی اور شور دیکھنے میں آیا وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ اگر آپ لوگ سننا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ ہم چپ کرجاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بدھ کی شام خصوصی طیارے میں کوئٹہ پہنچ گئے ائیر پورٹ پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے معدنیات محمد خان لہڑی،وزیراعلیٰ کے مشیربرائے انڈسٹریز سرداردرمحمد ناصر، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سماجی بہبود و غیررسمی تعلیم پرنس احمد علی، ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ ،وزیراعلیٰ کے کوارڈی نیٹر علاو الدین کاکڑ،مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر ابرار محمود،جان محمد لہڑی ،حاجی داود شاہوانی ، توصیف گیلانی ،بیبرگ شاہوانی اوردیگر نے انکااستقبال کیا ۔ خواجہ سعد رفیق آج سبی ہرنائی سیکشن کا دورہ کر یں گے۔

ای پیپر دی نیشن