استنبول‘ لاہور (نیوز ایجنسیاں‘ نوائے وقت رپورٹ) شہبازشریف نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ گزشتہ رات استنبول پہنچے تھے۔ ترک صدر سے ملاقات کے دوران شہبازشریف نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی پُرزور مذمت کی۔ انکا کہنا تھا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ امریکی فیصلہ امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اُمت مسلمہ امریکی فیصلے کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اختیار کریگی۔ اس سے قبل شہباز شریف نے میئر استنبول میلوت یوسال سے بھی ملاقات کی جس میں حکومت پنجاب اور استنبول کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی اعلان خطے میں قیام امن کیلئے خطرہ بن گیا ہے اور امریکہ کی ناقابل یقین اور غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں نے تنازع کا حل تلاش کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان لازوال تاریخی تعلقات موجود ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مضبوط اور موثر موقف اپنانے پر ترک قیادت کی تعریف کی اورکہاکہ ایسا موقف اپنا کر ترک قیادت نے امت مسلمہ کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ میئر استنبول نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے فلاح عامہ کے کام ایک رول ماڈل بن چکے ہیں۔
اردگان، محمود عباس کیساتھ ملاقاتیں، امریکی اعلان امن کیلئے خطرہ مسترد کرتے ہیں: شہباز شریف
Dec 14, 2017