راولپنڈی، اسلام آباد(صباح نیوز) ایف آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو مبینہ طورپر جعلی اے ٹی ایم، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے بنک صارفین کی معلومات اور رقم چوری کرنے میں مطلوب تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق مطلوبہ چارملزمان کا تعلق بھی اسی گروپ سے ہوسکتا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے تفتیش کے پیش نظر گرفتار ملزمان کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم انہوں نے بتایا کہ دو ملزم آن لائن درآمدات کا بزنس کرتے تھے اور اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ہیں۔ گرفتار مبینہ ملزمان میں ایک گریجویٹ جبکہ دیگر کالج کے طالبعلم ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ضلع قصورمیں رینا لہ خرد کے ایک بنک میں استعمال ہونیوالا اسکیمر بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ دو ملزمان بنک صارفین کی ذاتی معلومات کا ڈیٹا جمع کرتے تھے جبکہ دو ملزمان حاصل شدہ معلومات کے ذریعے رقم کی چوری میں ملوث تھے۔ دوسری طرف بنک کے ایک سینئر ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعے کی علی الصبح اے ٹی ایم میں اسکیمر نصب کردیتے اور اتوار کی شام کو نکال لیا جاتا ہے۔ بنک ملازم نے بتایا کہ اے ٹی ایم سے چوری ہونیوالی رقم انشورڈ ہوتی ہے اس لئے بنک ایف آئی اے کو معاملے میں شامل نہیں کرتا۔
اےٹی ایم فراڈ کیس‘ جڑواں شہروں سے4مشتبہ افراد گرفتار
Dec 14, 2017