اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قبائلی عمائدین اور فاٹا یوتھ جرگہ نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں الگ الگ ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وفود نے قبائلی علاقوں میں پائیدار امن کے قیام اور سماجی و معاشی ترقی کیلئے پاک آرمی کی قربانیوں اور کاوشوں کو تسلیم کیا اور اسی کی تعریف کی۔ وفود نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے اور اس حوالہ سے طریقہ کار کے ضمن میں اپنی آراء سے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔ جنرل باجوہ نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاک فوج کی حمایت کرنے اور ان کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے مستقبل کے بارے میں ان کے خیالات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادر قبائل کی قربانیوں کی بدولت قیام امن کے ضمن میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو مستحکم کیا جا رہا ہے اور ہم قدرے امن کی منزل سے پائیدار امن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے افغان قیادت کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں اور پاک افغان سرحد پر مئوثر بارڈر مینجمنٹ اور سلامتی کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے دونوں وفود کو یقین دلایاکہ فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے پر یقین رکھتی ہے اور قبائلی بھائیوں کی امنگوں کے مطابق اس معاملہ کی پیروی جاری رکھے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کے وفد کو ہدایت کی کہ وہ فاٹا میں قیام امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں کیونکہ وہی مستقبل کے راہنما ہیں۔ ملاقات میں کور کمانڈر پشاور، ڈی جی آئی ایس آئی اور چیف آف جنرل سٹاف بھی موجود تھے۔